کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی، 50 افراد زخمی، وادی میں مکمل ہڑتال

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ تین روز کے دوران 18 افراد کی شہادت کے خلاف حریت قیادت کی کال پر مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں قابض فوج کی بربریت کے خلاف سری نگر سمیت دیگر اضلاع میں کاروبار زندگی معطل ہے اور سڑکوں پر ٹریفک نا ہونے کے برابر ہے۔

قابض فورسز نے ضلع شوپیاں اور کلگام میں 2 بچوں سمیت 50 افراد زخمی ہوگئے جنہیں پیلٹ گن اور گولیاں ماری گئیں جب کہ حریت قیادت کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں ظلم کی حدیں پار کرلیں۔

کلگام ڈسٹرکٹ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ غلام محمد بٹ کے مطابق 15 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا جن میں سے 6 کو گولیاں اور 9 پیلٹ گن کے چھرے لگنے سے زخمی ہوئے۔

ایک دو سالہ بچی حبا ناصر کو بھی اسپتال لایا گیا جس کی ایک آنکھ پیلٹ گن کے چھرے لگنے کے باعث ضائع ہوگئی اور ایک نوجوان نعمان اشرف بٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

ضلع شوپیاں اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ظہور احمد کے مطابق پیلٹ گن اور گولیاں لگنے سے متاثرہ 36 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا۔

دوسری جانب بھارتی پولیس نے ضلع اسلام آباد کے علاقے اچابل، ہارڈپورا، برینتی، بڈورا اور ٹراپو کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے کم از کم 30 افراد کو حراست میں لے لیا جن میں نواز اہانگر، عامر صوفی، آکاش وانی، عمرا نثار، اویس صوفی سمیت دیگر شامل ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close