کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج سے جھڑپ میں 8 کشمیری نوجوان شہید

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارہمولا اور پلوامہ میں 8 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا، جب عوام نے بھارتی مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیا تو درجنوں افراد کو لاٹھی چارج اور شیلنگ کا نشانہ بنا کر لہو لہان کردیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا کے علاقے رام پور اور اُڑی میں بھارتی افواج نے خفیہ اطلاع ملنے پر حریت پسندوں کے خلاف آپریشن کیا، جس کے دوران قابض فورسز اور حریت پسندوں میں تصادم ہوا، جس میں 6 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مشہور کشمیری حریت پسند برہان وانی کے جانشین سبزار بھٹ بھی اس جھڑپ میں جاں بحق ہوگئے۔

دوسرا واقعہ پلوامہ کے علاقے ترال میں پیش آیا جہاں کشمیری حریت پسندوں اور بھارتی فورسز میں شدید تصادم ہوا جس میں مزید 2 نوجوان شہید ہوگئے۔ بھارتی افواج نے شہید نوجوانوں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

علاوہ ازیں ترال میں ہی کشمیری عوام نے بھارتی فوج کے بڑھتے ہوئے مظالم اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ قابض افواج نے پرامن مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جس پر مظاہرین اور سیکورٹی اہلکاروں میں شدید جھڑپیں ہوئی جن میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ ترال کے علاقے سائیموح میں بھارتی پولیس نے رہائشی عبدالرشید میر کا گھر نذر آتش کردیا اور مسجد کی بے حرمتی کرتے ہوئے کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے جب کہ تلاشی کے بہانے دیگر گھروں میں بھی گھس کر توڑ پھوڑ کی اور سامان کو نقصان پہنچایا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close