کشمیر

کشمیر کی جائز جدوجہد آزادی سے دستبردار نہیں ہونگے، سید علی گیلانی

سرینگر: جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے این آئی اے کے حوالے سے کہا ہے کہ بھارت اس تحقیقاتی ایجنسی کو یہاں جنگی ہتھیار کے طور استعمال کر رہا ہے اور اس کے ذریعے کشمیر کی تحریکِ آزادی کو کمزور کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی مسلمہ قیادت کو تنگ طلب اور بدنام کرنے کی کوشش کرنا ان کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تحریک حریت کو بنیادی طور پر ہدف بنایا گیا ہے اور اس کے قائدین کے خلاف باضابطہ ایک مہم جوئی شروع کی گئی ہے۔ حریت کانفرنس (گ) کی مجلس شورٰی کا ایک اجلاس سید علی گیلانی کی صدارت میں سرینگر میں منعقد ہوا، جس میں آزادی پسند لیڈروں کے گھروں پر بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کی چھاپہ مار کارروائیوں اور اس کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا اور ریاست کی موجودہ سنگین صورتحال کے سلسلے میں غور و خوض ہوا۔

ممبرانِ مجلس شورٰی کی یہ متفقہ رائے قرار پائی کہ بھارتی حکمران کشمیر کے حوالے سے اپنی جنونی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور وہ ایک سیاسی اپروچ اپنانے کے بجائے جنگی جنون پیدا کرکے اصل مسئلے سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ اس موقعے پر اپنے صدارتی خطاب میں سید علی گیلانی نے کہا کہ دہلی کے پالیسی ساز ہماری کنپٹی پر بندوق رکھ کر ہمیں اپنے بنیادی کاز سے دستبردار کرانا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے وہ کسی طرح کے اخلاقی یا انسانی ضابطے کو پیش نظر نہیں رکھتے ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ تحریک حریت کا کوئی بھی کام یا پروگرام ڈھکا چھُپا یا درپردہ نہیں ہے۔ ہم ہر عمل سطحِ زمین پر رہ کر انجام دیتے ہیں اور وہ خالصتاً سیاسی نوعیت کا ہوتا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close