خیبر پختونخواہ

کے پی کے میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں، 2 افراد جاں بحق، متعدد مکانات کو نقصان

پشاور: خیبر پختونخوا کے بیشتر حصوں میں رات بھر موسلا دھار بارش اور سیلاب کے باعث چارسدہ اور بنوں میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی سے متعدد مکانات اور دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق گذشتہ شب صوبہ کے بیشتر علاقوں میں رات بھر موسلا دھار بارش کے باعث شبقدر بازار اور اس کے گرد و نواح میں واقع متعدد دیہاتوں میں بارش کا پانی سیلاب کی شکل اختیار کرکے گھروں میں داخل ہوگیا، جس سے زیادہ تر خٹکی اور اٹکی کے دیہات متاثر ہوئے۔ بارش کے باعث غریب آباد کے علاقہ میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 1 بچہ جاں بحق ہوگیا، جبکہ دوسرے مکان کی دیوار گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سیلاب کیوجہ سے شبقدر بازار مکمل طو رپر بند ہوگیا، جبکہ ٹریفک بھی شدید متاثر ہوا، تاہم بعد ازاں ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ نے بلڈوزر کی مدد سے بعض دیواریں مسمار کرکے پانی کے نکاس کو متبادل راستہ فراہم کر دیا، جس سے بازار میں پانی کی سطح کم ہوگئی۔ دوسری جانب بنوں کے علاقہ بکا خیل میں بھی گذشتہ شب بارش کے باعث 1 کمرے کی چھت منہدم ہوگئی، جس کے نتیجہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث چترال لاس پور اور شندور روڈ ٹریفک کے لئے بند ہوگیا، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں کے پی کے اور فاٹا کے زیادہ تر علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close