خیبر پختونخواہ

قوم کی بہتری قبل از وقت انتخابات میں ہے، عمران خان

چترال: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، قبل از وقت انتخابات میں ہی ملک کی بہتری ہے۔ چترال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، جس کے خاتمے کیلئے 21 سال سے جنگ لڑ رہا ہوں، اب کرپٹ مافیا کے دن گنے جاچکے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ جب کسی کا مینڈیٹ مشکوک ہو جائے تو الیکشن کرایا جاتا ہے اور موجودہ حالات میں قوم کی بہتری قبل از وقت انتخابات میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں ٹریسامے اور ترکی میں اردگان نے الیکشن کرایا اور یہ عمل جمہوریت کو تقویت بخشتا ہے اور جتنی جلدی الیکشن ہو اتنا ہی فائدہ ہے۔ عمران خان نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم لندن میں بیٹھ کر اپنی ایئرلائن کیلئے معاہدے کررہے ہیں، جبکہ وزیراعلٰی پنجاب اپنے بھائی سے سمجھوتہ کرنے لندن گئے تھے تاکہ وہ پیچھے ہوجائیں اور انہیں پارٹی سنبھالنے دیں، کیا ملک کے یہ مسائل ہیں۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی معیشت کا حال یہ ہے کہ وزیر خزانہ آج بستر پر پڑے ہیں ان پر کیسز ہیں جبکہ وزیر خارجہ کا اقامہ بھی نکل آیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کررہا ہے، ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا نریندر مودی کی حکومت کا پلان ہے، بلوچستان سے کلبھوشن کا پکڑا جانا پلان کا منہ بولتا ثبوت ہے، اس کیلئے ساری قوم کو متحد ہوکر فوج کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز چترال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کے سارے جھوٹ پکڑے گئے، انہیں ملک نہیں صرف اپنی دولت پیاری ہے۔ اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لیگی رہنماؤں کی جانب سے عدلیہ کے خلاف بیانات دینے پر کہا تھا کہ شریف خاندان کی کرپشن بے نقاب کرنے پر سپریم کورٹ کے ججز کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close