پاراچنار جانے والے قافلے پر حملہ، ایک اہلکار شہید، 6 دہشت گرد مارے گئے

ٹل سے پاراچنار جانے والے قافلے پر بگن میں راکٹ فائر کیا گیا ہے، جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 6 دہشت گرد مارے گئے۔
حکام کے مطابق 35 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ پاراچنار کی جانب گامزن تھا، یہ گاڑیاں اشیائے خورد و نوش لے کر پاراچنار جا رہی تھیں، کہ قافلے پر حملہ کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق قافلے میں شامل 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ڈی پی اوکُرم نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہ فائرنگ پر سیکورٹی فورسز اور پولیس نے بروقت جواب دیا، کسی بھی شرپسند کو نہیں بخشاجائے گا۔ ابھی تک جانی و مالی نقصان سے متعلق کوئی کنفرمیشن نہیں، تقریبا آدھا قافلہ ٹل واپس بھیج دیا گیا ہے
ذرائع کے مطابق 70 سے زائد گاڑیاں صبح کُرم میں داخل ہوئی تھی، بگن میں قافلے پر فائرنگ کی گئی، ڈرائیوروں کوحراست میں لے کر لوٹنے والی گاڑیوں کو آگ لگادی گئی۔
واضح رہے کہ ضلع کُرم کے لیے آج خور و نوش اور دیگر استعمال کی اشیا پر مشتمل 35 گاڑیوں کا تیسرا قافلہ روانہ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب لوئر کرم کے علاقے بالش خیل اور خار کلی میں مورچے مسمار کرنے کا عمل جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب تک 7 چھوٹے بڑے بنکر مسمار کیے جا چکے ہیں۔