خیبر پختونخواہ

سی ٹی ڈی کی کرک میں کارروائی، ٹی ٹی پی کے 3 دہشتگرد گرفتار

صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے کرک میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن نے کرک میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بارودی مواد برآمد کرلیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق وزیرستان اور کرک سے ہے جبکہ ان کے قبضے سے موٹرسائیکل، دستی بم، پستول، بارودی مواد، بال بیرنگ اور ڈیٹونیٹر بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے، گرفتار دہشت گرد بھتہ خوری میں پولیس کو مطلوب تھے۔ خیال رہے کہ 30 ستمبر2017ء کو صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے 7 دستی بم، 2 آئی ای ڈی، اور 2 میگنیٹ بم بھی برآمد ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل خیبر پختونخوا پولیس نے سال 2017ء میں ہونے والی دہشت گردی اور کرائم گراف پر رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں 52 فیصد کمی آئی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close