خیبر پختونخواہ

نئے پاکستان کا دعویٰ کرنے والوں کے پاس خیبرپختونخوا بھی نہیں رہے گا، وزیراعظم

ڈیرہ اسماعیل خان: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان کا دعویٰ کرنے والوں کے پاس 2018 کے انتخابات میں خیبر پختونخوا بھی نہیں رہے گا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ مخالفین کے نصیب میں دھرنے اور ہمارے نصیب میں کام ہے، وہ دھرنے دیتے رہیں اور ہم اپنا کام کرتے رہیں گے، ہمارے کام دکھاوے کے لئے نہیں ہیں، نئے پاکستان کا دعویٰ کرنے والے خیبر پختونخوا کو نیا خیبر پختونخوا نہیں بناسکے پاکستان کو نیا پاکستان کیا بنائیں گے، لاہور ملتان راولپنڈی نے میٹرو بس بنا دی پشاور میں ابھی تک کیوں نہیں بنائی گئی۔ پاکستان کو حاصل کرنے کا سوچنے والے خیال کریں کہ یہ خیبرپختونخوا بھی ان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے، 2018 کے انتخابات میں ان کے ہاتھ سے خیبر پختونخوا بھی نکل جائے گا کیونکہ لوگ جان گئے ہیں کہ یہاں کوئی نیا پاکستان نہیں بن رہا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اس ملک کے نوجوان عمران خان کے لیے کھلونا ہوں گے لیکن ان کے اور مولانا فضل الرحمان کے لیے یہ نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں، مولانا فضل الرحمان جب بھی ملتے ہیں وہ ہمیشہ ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی کی بات کرتے ہیں، مولانا فضل الرحمان اصولوں پر ہمارا ساتھ دے رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی (ف) کے درمیان نئی شراکت داری قائم ہورہی ہے، جو دیرپا ہوگی۔

وزیر اعظم نواز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے 50 کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی خان میں ایک زرعی یونیورسٹی بنے گی، اس کے علاوہ انہوں نےسول ایوی ایشن کو ڈی آئی خان ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لئے آپریشنل کرنے کا کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close