خیبر پختونخواہ

تحریک انصاف کے 5 ارکان قومی اسمبلی کی پرویز خٹک کے خلاف بغاوت

ڈیرہ اسماعیل خان: تحریک انصاف کے 5 اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے خلاف علم بغاوت کرتے ہوئے پارٹی قیادت سے انھیں ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔

مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی داور کنڈی، امیر اللہ مروت، ساجد نواز، خیال زمان آفریدی اور جنید اکبر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی وجہ سے صوبہ تباہی کی جانب جا رہا ہے، ان کے خلاف اعلان بغاوت کرتے ہیں اور وزیراعلیٰ کی تبدیلی تک تحریک چلائیں گے۔ اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک عمران خان کو سازش کے تحت ناکام کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور صوبائی وزرا کی کرپشن میں برابر کے شریک ہیں، بلدیاتی انتخابات کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے مگر نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کی راہ میں کرپٹ ٹولہ رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

تحریک انصاف کے منتخب اراکین کا کہنا تھا کہ واٹر مینجمنٹ، محکمہ مال اور تعلیم میں کرپشن کا بازار گرم ہے لیکن خیبر پختونخوا میں اپوزیشن نام کی کوئی چیز نہیں۔ اراکین قومی اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ پورے صوبے کے فنڈز صرف 3 اضلاع پر خرچ کیے جا رہے ہیں جن میں نوشہرہ، مردان اور صوابی شامل ہیں، 3 سال گزر چکے ہیں مگر صوبے کی حالت نہیں بدلی جس پر مجبور ہو کر ہمیں میدان میں آنا پڑا، اگر پورے صوبے کے فنڈز صرف مخصوص علاقوں میں لگا دیئے گئے تو پھر آئندہ الیکشن میں ہم عوام کو کیا جواب دیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close