Featuredخیبر پختونخواہ

ڈی آئی خان میں خودکش حملہ، پی ٹی آئی رہنما اکرام گنڈاپور ڈرائیور سمیت شہید

ڈیرہ اسماعیل خان: پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا اسمبلی سے امیدوار اکرام اللہ خان گنڈا پور کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں وہ اپنے  ڈرائیور سمیت شہید ہوگئے جبکہ 2 پولیس اہلکار وں سمیت  5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں انتخابی مہم کے دوران سابق صوبائی وزیر سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہواجس کے نتیجے میں سابق صوبائی وزیر، ان کا ڈرائیور اور 2 پولیس اہلکار وں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر تحصیل ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈرائیور رمضان راستے میں ہی شہید ہوگیا جبکہ دیگر زخمیوں کو تشویشناک حالت میں  ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی ہسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔ ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان کا کہنا ہے کہ اکرام اللہ گنڈاپور کو شدید زخمی حالت میں پشاور منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اکرام گنڈا پور تحصیل کولاچی میں ایک دھرنے میں شرکت کیلئے جارہے تھے کہ راستے میں ہی ایک خود کش حملہ آور ان کے قافلے کی جانب بڑھا اور خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ دھماکے کے بعد اکرام گنڈا پور کی گاڑی تباہ ہوگئی۔ سکیورٹی فورسز کا کوئی بھی اہلکار موقع پر نہیں پہنچ سکا جس کے باعث مقامی لوگوں نے انہیں اپنی مدد آپ کے تحت انہیں ہسپتال منتقل کیا۔

خیال رہے کہ 2013 کے الیکشن میں اکرام اللہ گنڈا پور کے بھائی اسرار اللہ گنڈا پور تحریک انصاف کی ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر وہ اپنے حلقے کے لوگوں سے عید مل رہے تھے کہ اسی دوران ایک خود کش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں اسرار گنڈا پور شہید ہوگئے تھے ۔ اسرار اللہ گھر کی راہداری سے تھوڑے فاصلے پر اپنے والد سردار عنایت اللہ گنڈہ پور کی قبر کے پاس کھلے آسمان تلے بیٹھے تھے کہ خود کش حملہ آورملاقاتیوں کے ایک گروپ کے ساتھ وہاں پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔ قبل اس کے کہ وہ عید ملنے کے لئے کرسی سے اٹھتے ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں سردار اسرار اللہ خان گنڈا پور اپنے تین ذاتی محافظوں اور چار علاقہ عمائدین کے ساتھ شہید ہو گئے۔

اکرام گنڈا پور اپنے بھائی پر ہونے والے حملے کے ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے دیے جانے والے دھرنے میں شرکت کیلئے کولاچی کے عدالت چوک جارہے تھے جبکہ ان کا چھوٹا بھائی انعام گنڈا پور پہلے سے ہی دھرنے میں موجود تھا۔ اکرام گنڈا پور کی جانب سے ڈی پی او اور ضلعی انتظامیہ کو سکیورٹی کی فراہمی کیلئے متعدد درخواستیں دی گئیں تاہم انہیں سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی ۔

واضح رہے کہ سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور 2014 میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں رکن خیبر پختونخوا اسمبلی منتخب ہوئے جس کے بعد وہ 2014 سے صوبائی حکومت کے خاتمے تک پرویز خٹک کی کابینہ میں بطور صوبائی وزیر زراعت اپنی خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔ اب بھی وہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 99 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ایم پی اے کا الیکشن لڑ رہے ہیں۔

۔۔۔خود کش حملے کے فوری بعد کی ویڈیو دیکھیں ۔۔۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close