خیبر پختونخواہ

3 ستمبر کو لاہور پہنچ کر نوازشریف سے کرپشن کا حساب لینا ہے، عمران خان

سوات: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے 3 ستمبر کو لاہور جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہاں پہنچ کر نوازشریف سے کرپشن کا حساب لینا ہے۔

چکدرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے 3 ستمبر کو لاہور جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہاں پہنچ کر نوازشریف سے کرپشن کا حساب لینا ہے جب کہ نوازشریف نے کرپشن کرکے اداروں کو تباہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختون خوا کی پولیس دیگر تینوں صوبوں کے لئے مثال بن چکی ہے اور اب یہاں پولیس غیر سیاسی ہے،  صوبے میں کسی کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا جب کہ پنجاب میں مجھ پر متعدد مقدمات بنا دیئے گئے،کسی بھی ادارے یا شخص کی کامیابی قابلیت سے مشروط ہے ہر ادارے میں قابلیت کی بدولت بھرتیاں کی جائیں گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن ملک کےلئے کینسر ہے اور پاکستان کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے جب ایک ملک کا سربراہ خود کرپشن میں ملوث ہوگا تو پھر اس کے ماتحت سارے ادارے اور افراد کرپٹ ہی ہوں گے، سب کو چیلنج کرتا ہوں کہ خیبرپختون خوا میں 3 سالوں کے دوران کرپشن کا ایک بھی کیس ثابت کردیں، ہم نے صوبے میں قانون بنا دیا ہے کہ کرپشن کی نشاندہی کرنے والے کو 25 فیصد حصہ دیا جائے گا اور اب دیگر صوبوں کی نسبت کے پی کے میں کرپشن کی سطح سب سے نیچے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے منصوبوں پر بڑی کمیشن بنتی ہے۔ خیبرپختون خوا میں جو منصوبہ  35 ارب روپے میں مکمل ہوتا ہے پنجاب میں  اسی منصوبے پر 45 ارب روپے لگادئے جاتے ہیں ہم پنجاب سے 10 ارب روپے کم میں میٹرو بنارہے ہیں۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ دنیا بھر میں گھوما لیکن جو نظارے اور معدنیات پاکستان میں ہیں دنیا میں کہیں بھی نہیں،پہاڑوں پر 2 نتھیا گلی بنائیں گے،سوات کے علاقے کا نقشہ بدل دیں گے،ملک کا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں اور خیبرپختون خوا میں 3 سال کے دوران تعلیم پر بھرپور توجہ دی جس کی وجہ سے 34 ہزار طالب علم  پرائیویٹ اسکولوں سے گورنمنٹ اسکولوں میں آگئے۔ انہوں نے کہا کہ سوات میں  بچیوں کے اسکول بنانے کے ساتھ خواتین کی یونیورسٹی بھی بنائی جائے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں جو بلدیاتی نظام لے کر آئے ہیں یہ بھی ایک انقلاب ہے کیونکہ تاریخ میں پہلی بار حکومت نے اقتدار بلدیاتی نمائندوں کو منتقل کردیا ہے اور وعدہ ہے کہ  صوبے کے 40 ہزار نمائندوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  تمام اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو دیئے جائیں گے ان ہی نمائندوں کے ذریعے عوام کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close