خیبر پختونخواہ

پرویز خٹک نے خیبر پختونخوا حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا

نوشہرہ: وفاقی وزیر دفاع و سابق وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اپنی ہی جماعت کی صوبائی حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ نوشہرہ میں وکلاء چیمبر کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس ترقیاتی کاموں کیلئے پیسے نہیں جس کی وجہ سے صوبے میں کام رکے ہوئے ہیں، جبکہ بجٹ پر بھی اعتراض ہے جو بجٹ میں بنانا چاہتا تھا اس طرح نہیں بنایا گیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اپنے سابقہ دور حکومت میں انہوں نے نوشہرہ ڈسٹرکٹ بار کی تعمیر کیلئے 22 کروڑ روپے منظور کئے تھے تاہم وہ حیران ہیں کہ اس میں سے صرف 4 کروڑ روپے نوشہرہ ڈسٹرکٹ بار کو ملے ہیں۔ انہوں نے حاضرین سے سوال کیا کہ آپ لوگ اپنے حق کیلئے آواز بلند کرتے ہیں آخر آپ وکلاء کے پیسے کہاں گئے؟

سابق وزیراعلٰی نے کہا کہ ہماری حکومت میں ہر چیز ٹھیک چل رہی تھی پیسوں کی کوئی کمی نہیں تھی اب حالات ایسے آگئے ہیں کہ کہتے ہیں کہ پیسے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ایسی مشکلات نہیں تھیں ہر چیز بہت تھی، انشاءاللہ ہماری کوشش ہے کہ اس حکومت میں سسٹم ٹھیک کر دیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار نوشہرہ کے صدر سید عظمت علی شاہ گیلانی ایڈوکیٹ اور جنرل سیکرٹری محمد عثمان خان ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عبدالحمید خان اور ڈسٹرکٹ بار نوشہرہ کی کابینہ اور سینئر وکلاء بھی تقریب میں موجود تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close