خیبر پختونخواہ

پشاور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک

پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے ایک پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کی صبح پشاور کے مضافاتی علاقے واحد گڑھی میں خزانہ پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔

خزانہ پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ دواؤدزئی پولیس سٹشین میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل زرنوش صبح سویرے فجر کی نماز پڑھنے کےلیے گھر سے نکل کر مسجد جارہے تھے کہ اس دوران پہلے سے گھات میں بیٹھے ہوئے مسلح افراد نے ان پر پستول سے فائرنگ کردی جس سے وہ موقع ہی پر ہلاک ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ مقتول اہلکار چند دن پہلے چھٹی پر گھر آئے ہوئے تھے۔

پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد واحد گڑھی اور آس پاس کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے اور چند مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔

ادھر کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی العالمی نے پولیس اہلکار پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

خیال رہے کہ پشاور میں ہدف بناکر قتل کے واقعات کا سلسلہ کچھ عرصے سے مسلسل جاری ہے جن میں بیشتر واقعات میں پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان حملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیمیں وقتاً فوقتاً قبول کرتی رہی ہے۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close