Featuredخیبر پختونخواہ

کورونا کی خطرناک برطانوی قسم خیبرپختونخوا پہنچ گئی

پشاور(24 مارچ2021ء) عالمی وباء کورونا وائرس کی نئی خطرناک برطانوی قسم خیبر پختونخوا بھی پہنچ گئی ۔

خیبر پختونخوا کے سیکرٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ نے صوبے میں برطانوی کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 20 مریضوں کے نمونے ٹیسٹ کے لیے اسلام آباد بھیجے گئے جن میں سے 10 مریضوں میں برطانوی وائرس پایا گیا جب کہ اس وقت صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت نوشہرہ اور مردان سمیت صوبے کے دیگر 9 اضلاع میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 10 فیصد سے زائد ہوچکی ہے۔

صوبائی حکومت نے جن اضلاع میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے زیادہ ہو وہاں تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، صوبائی حکومت کی جانب سے صوبہ خیبر پختون خوا کے کورونا سے متاثرہ 9 اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے بتایا کہ صوبہ خیبر پختون خوا کے کورونا سے متاثرہ 9 اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل 2021ء تک بند رکھے جائیں گے ، ان علاقوں میں پشاور ، مردان ، چارسدہ ، صوابی ، ملاکنڈ ، سوات ، نوشہرہ ، دیر لوئر اور بونیر شامل ہیں ، ان علاقوں میں تعلیمی ادارے 16 مارچ سے ہی بند تھے اور تعطیلات میں مزید توسیع کردی گئی۔

علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے بھی مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا ، لاہور سمیت دیگر اضلاع میں اسکول 11 اپریل تک بند رہیں گے ۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب کے چند اضلاع میں کورونا کا پھیلاو َ تشویش ناک ہے ، جب کہ سندھ ،بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کورونا کی شدت کم ہے، جہاں کورونا کی شدت زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے 11اپریل تک بند رہیں گے ۔

اسلام آباد میں 11 اپریل تک سارے تعلیمی ادارے بند رہیں گے ، اس کے علاوہ کن اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں یہ فیصلہ صوبائی حکومتیں کریں گی ، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اسکول سیل کردیے جائیں گے ، 7 اپریل کو دوبارہ این سی او سی کا اجلاس ہوگا جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close