پنجاب

نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے جمہوریت کو تباہ کررہے ہیں، عمران خان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ دشمن نے پاکستان کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا نواز شریف نے پہنچایا جب کہ نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے جمہوریت کو تباہ کر رہے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ پاکستانیوں کو مبارک باد دے رہے ہیں کہ اندهیری رات ختم اور اب نیا پاکستان بننے والا ہے، طاقتور قانون کے نیچے آئے ہیں جب کہ ایسا پہلے کبهی نہیں ہوا، مسلم لیگ(ن) والے سوالوں کے جواب دینے کے بجائے کہہ رہے ہیں کہ سازش ہورہی ہے،(ن)لیگ جمہوریت کی آڑ میں چھپنا بند کردے کیونکہ جمہوریت نہیں مافیا خطرے میں آ رہا ہے۔
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) فوجی آمریت کی پیداوار ہے، جنرل جیلانی، ضیاء الحق کی گود میں پلنے اور بینظیربھٹو کے خلاف اسامہ بن لادن سے پیسے لینے والے جمہوریت کا سبق دے رہے ہیں، آئی ایس آئی سے پیسے لینے والے اب کہہ رہے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے، نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے جمہوریت کو تباہ کر رہے ہیں جب کہ یہ مافیا ڈان ہیں اور دشمن نے پاکستان کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا نواز شریف نے پہنچایا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن تب رکتی ہے جب اداروں کومضبوط کیا جاتا ہے، نواز شریف اورآصف زرداری کے نیچے فرشتے بھی کھڑے کردیئے جائیں تو کرپشن نہیں رکے گی  جب کہ پاکستان میں پہلی بار ایک طاقت ور کا احتساب کیاجارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لوگ تحریک انصاف میں شامل ہونا چاہتے ہیں اور جو بھی شامل ہوتاہے وہ پارٹی کے نظریے پرآتاہے۔
جیونیوز چینل  کے مالک میر شکیل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ  انہیں کسی صحافی سے نہیں بلکہ میڈیا کے گاڈ فادرمیرشکیل سے مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرشکیل پیسے لے کر نوازشریف کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں اوراس حوالے سے روز نئی نئی ہیڈ لائنز لگائی جاتی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close