پنجاب

پاگلوں کے روپ میں دشمن ایجنٹ لاہور کی سڑکوں پہ، حساس اداروں کی نگرانی میں مصروف

لاہور: صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف اضلاع میں کالعدم تنظیموں کے 31 کارندے پاگلوں کا روپ دھارے حساس مقامات کی جاسوسی پر مامور ہیں۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے خفیہ رپورٹ جاری کی جس کے مطابق لاہور شہر کے اہم مقامات کربلا گامے شاہ، داتا دربار، مسجد کشمیراں اندون شہر، امامیہ مسجد سمن آباد، امام بارگاہ قصر ابو طالب، قصر بتول، ساد ات کالونی، مال روڈ، جیل روڈ، لارنس روڈ، شادمان، فیروز پور روڈ، ملتان روڈ، گلبرگ اور دیگر حساس مقامات پر کالعدم تنظیموں کے کارندے پاگل کا روپ دھار کر اہم سرکاری عمارات، پولیس دفاتر، وفاقی تحقیقاتی اداروں کی جاسوسی کرتے ہیں، وہ آنے جانے والے افسروں کی نقل و حرکت کوبھی چیک کر رہے ہیں۔ چند روز قبل ایک مشتبہ شخص پاگل کا روپ دھار کر پولیس افسر کے دفتر میں گھس گیا لیکن کسی بھی اہلکار نے اسے چیک نہیں کیا بلکہ پاگل قرار دیکرچھوڑ دیا گیا، اسی طرح بعض اضلاع کی عدالتوں، سرکاری عمارتوں، انتہائی حساس جگہوں پر بھی دہشت گردوں کے معاونین اور سہولت کار پاگل کے بھیس میں بھیک مانگنے کیلئے داخل ہوجاتے ہیں، ان میں سے بعض کے پاس کپڑے کے تھیلے بھی ہوتے ہیں جس میں اہم سرکاری عمارتوں، حساس مقامات کے نقشے اور تصاویر بھی موجود ہوتی ہیں۔ رپورٹ میں لکھا گیا کہ پاگل کے روپ میں یہ کارندے کالعدم تنظیموں کو خفیہ معلومات دینے کیلئے موبائل فون پر رابطہ نہیں کرتے بلکہ تعویز کی شکل میں معلومات اور نقشہ وغیرہ اپنے کسی ساتھی کے ہاتھ بھیجتے ہیں جبکہ آپس میں خطوط بھی لکھتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے سکیورٹی کیمروں اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے بعد کالعدم تنظیموں نے اپنا طریقہ کار تبدیل کر لیا ہے، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی، سکھر، ڈیرہ غازیخان، جھنگ اور دیگرشہروں میں کالعدم تنظیموں تحریک طالبان، داعش، لشکر طیبہ، لشکر جھنگوی کے متعدد جاسوس موجود ہیں، سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں ایک سرکاری عمارت کے باہر 2 مشتبہ پاگل دکھائی دئیے جنہوں نے اپنے تھیلوں سے کاغذات نکال کر ایک دوسرے کو دئیے اور پھر اچانک روپوش ہوگئے۔ دہشتگردوں کے یہ سہولت کار راوی پار کے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں اور صبح سویرے ہی روپ دھار کر مختلف علاقوں میں پہنچ جاتے ہیں۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ دہشت گرد محرم الحرام کے دوران کسی بڑے حملے کا منصوبہ تیار کر رہے ہیں، چنانچہ لاہور شہر کی 47 امام بارگاہوں کی سخت سکیورٹی کے احکامات جاری کئے جا رہے ہیں جبکہ نویں اور دسویں محرم الحرام کو فوج طلب کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close