پنجاب

جلوسوں کی سکیورٹی کا خصوصی انتظام، 200 میٹر کے دائرے میں کوئی ڈیوائس فنکشنل نہیں رہیگی

فیصل آباد: عشرہ محرم الحرام کے سلسلے میں مذہبی ہم آہنگی اور امن برقرار رکھنے کے لئے فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ فیصل آباد میں پہلی مرتبہ مرکزی جلوسوں کے ساتھ سوا کروڑ روپے سے خریدا جانے والا روبوٹ جیمر سسٹم رکھا جائے گا، جس سے 200 میٹر تک کسی بھی قسم کی ڈیوائس فنکشنل نہیں ہوسکے گی۔ پولیس کے علاوہ پاک آرمی کی پانچ کمپنیاں بھی جلد پہنچ جائیں گی۔ محرم الحرام کے دوران ڈپٹی کمشنر آفس، ایس ایس پی آپریشن کے دفتر اور چوک گھنٹہ گھر میں کنٹرول رومز 24 گھنٹے فنکشنل رہیں گے، جہاں جلوسوں اور مجالس کی باریک بینی سے مانیٹرنک کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سلمان غنی اور سی پی او افضال احمد کوثر نے سرکٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ آپریشن ردالفساد اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں امن کے لئے بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، اس ضمن میں محرم کے حساس ایام کے دوران میڈیا کا بھرپور تعاون بھی درکار ہے، وہ کسی بھی انتظامی خامی کی نشاندہی کریں تاکہ انتظامات مزید مستحکم ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کسی بھی حساس خبر سے پہلے تصدیق کرلے تو بہت سے مسائل پیدا نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی اور ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے ارکان کی معاونت سے فلیش پوائنٹس کی نشاندہی کرکے درپیش مسائل کا ازالہ کرلیا گیا ہے، جبکہ تحصیل اور تھانہ کی سطح پر بھی علماء کرام سے مشاورت کویقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کیبنٹ کمیٹی اور اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے وفد کی علماء کرام اور انتظامیہ سے میٹنگ ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائسنس داروں، کیبل آپریٹرز اور پرنٹنگ پریس ایسوسی ایشنز کو بھی ان ایام کی حساسیت کا احساس دلایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 61 ذاکرین کی ضلع اور 96 علماء کرام و ذاکرین کی زبان بندی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی مسلسل سرویلنس بھی کی جارہی ہے، جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی میڈیکل سروسز کو الرٹ، بہترین ٹریفک مینجمنٹ کے ساتھ ساتھ اہم جلوسوں کے راستوں پر واسا، فیسکو، سوئی گیس کی تنصیبات کی چیکنگ، سڑکوں کے پیچ ورک، تجاوزات کے خاتمے، وال چاکنگ کے صفایا کو یقینی بنایا گیا ہے.

جبکہ متعلقہ محکموں کے افسران محرم کے ایام میں بھی جلوسوں کے روٹس پر ڈیوٹی انجام دیں گے اور میونسپل کارپوریشن کی طرف سے لائٹنگ کا کام بھی مکمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلوسوں و مجالس کے اوقات میں شہری و دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کیلئے فیسکو سے میٹنگ کرلی گئی ہے، جبکہ بجلی کی بلاتعطل سپلائی کیلئے متبادل انتظامات بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم جلوسوں و مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لائیو کوریج کے علاوہ دیگر جلوسوں و مجالس کی ویڈیو ریکارڈنگ کا عمل بھی جاری رہے گا۔ سی پی او افضال احمد کوثر نے میڈیا کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے عشرہ محرم الحرام پر بھی بھرپور تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام میں مجموعی طور پر 443 جلوس اور 1281 مجالس منعقد ہونگی، جنہیں تین کیٹگریز میں تقسیم کرکے حفاظتی اقدامات کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کیٹگری اے میں 35 جلوس اور 53 مجالس شامل ہیں، جبکہ کیٹگری بی میں 65 جلوس اور 77 مجالس اور 1151 مجالس اور 343 جلوسوں کو کیٹگری سی میں شامل کیا گیا ہے اور سکیورٹی اقدامات کیلئے پولیس کی مزید نفری کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکریننگ اور سرچ پر گہری توجہ اور مشکوک افراد پر بھی نظر رکھی جارہی ہے اور کسی کو قانون کی خلاف وزی نہیں کرنے دی جائے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close