پنجاب

ملک توڑنے کی بات کرنے والوں پرعنقریب قانون کی گرفت ہوگی، سربراہ پاک فوج

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ملک سے باہر بیٹھ کر پاکستان اور فوج کو گالیاں دینے والوں کو نہیں چھوڑیں گے،عنقریب وہ ہماری گرفت میں ہوں گے، ملک کی حفاظت کے لئے ہم اپنے اٹھارہ، انیس سال کے جوان قربان کر رہے ہیں، پاک فوج قوم کے ساتھ مل کر ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید کے گھر آمد پر اپنے پیغام میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دشمن ہمارا دشمن ہے، طاقت کا استعمال صرف ریاست کا استحقاق ہے، امن کی بحالی اور قانون کی بالادستی کیلئے ہر قربانی دیں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ جب کوئی جوان شہید ہوتاہے تو ایسا لگتا ہے جیسے میرے جسم کا کوئی حصہ کٹ گیا ہو، میرے لیےوہ رات بڑی مشکل ہوتی ہے۔ قربانی کے جذبے سے سرشار سپوتوں کی موجودگی میں ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا، پاکستان کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، ہر قیمت پر امن اور قانون کی حکمرانی بحال کریں گے۔ پاک فوج ملک کے بہترین مفاد میں کام کرتی رہے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید والدین سے ملاقات کی، انہوں نے شہید ارسلان کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close