پنجاب

رائیونڈ: تبلیغی اجتماع کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل

لاہور: لاہور کے نواحی علاقے رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں، اجتماع میں شرکت کیلئے آنیوالے افراد کے قیام وطعام کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے 168 سے زائد ممالک کے مندوبین عالمی اجتماع میں شرکت کریں گے۔ 3 نومبر کو رائیونڈ میں شروع ہونیوالے تبلیغی جماعت کے عالمی سہ روزہ اجتماع کو اس بار بھی 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے کچھ علاقوں کو شامل کیا گیا ہے۔ بھارت سے تبلیغی اکابرین کی آمد اگلے ہفتے شروع ہو جائے گی جبکہ دنیا بھر سے مندوبین کی آمد کا سلسلہ یکم نومبر کو شروع ہوگا۔ اس بار بھی ریلوے خصوصی ٹرینیں چلائے گا۔ شرکاء اجتماع کی سہولت کیلئے موبائل فون کمپنیوں نے عارضی ٹاور نصب کر دئیے ہیں جبکہ مقامی افراد نے بازاروں میں دس دس فٹ کی جگہ سٹالز کیلئے ہزاروں روپے کرایہ پر دینا شروع کر دی ہے، جس سے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگا۔ پنڈال کی چاروں اطراف میں خندق کھود دی گئی ہیں جبکہ ہزاروں گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مختلف مقامات پر وسیع ترین انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ہنگامی حالات سے نبٹنے کیلئے 1122 کے کیمپ اور پولیس کیمپ قائم کئے جائیں گے۔ اجتماع کا دوسرا مرحلہ 10 نومبر کو شروع ہوگا جو 12 نومبر کو اجتماعی دعا پر اختتام پذیر ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close