پنجاب

جہانگیر ترین کا انٹراپارٹی انتخابات سے لاتعلقی کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جہانگیر خان ترین نے پارٹی انتخابات سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشتیاں جلا کر عمران خان کے ساتھ شامل ہواتھا اپنے لیڈر کی پارٹی کوکسی قیمت پر تقسیم ہوتا نہیں دیکھ سکتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کا کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی انتخابات سے لاتعلقی کا فیصلہ پارٹی کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے کشتیاں جلا کر عمران خان کے نظریے پر پارٹی میں شامل ہوا تھا پی ٹی آئی کو کسی قیمت پر تقسیم نہیں ہونے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے تحریک انصاف میں پڑنے والی دراڑیں دور کی جائیں پارٹی میں کبھی کوئی عہدہ مانگا اور نہ کبھی مانگوں گا بلکہ عام کارکن کی طرح تحریک انصاف کی خدمت کرتا رہوں گا۔

پی ٹی آئی پنجاب کے سابق صدر چوہدری سرور نے جہانگیر ترین کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تحریک انصاف میں دھڑے بندی نہیں چاہتے جہانگیر ترین کا فیصلہ خوش آئند ہے پی ٹی آئی کے ممبرز کوبھی ان کے فیصلے کا خیر مقدم کرنا چاہیے عمران خان جس کو چاہیں پارلیمانی بورڈ کا سربراہ بنا سکتے ہیں الیکشن لڑنے کیلئے میں اکیلا ہی کافی ہوں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سابق وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اتوار کو پارٹی ورکرز کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جہانگیر ترین کی کل بھی عزت کرتا تھا اور آج بھی عزت کرتا ہوں لیکن چوہدری سرور اور جہانگیر ترین کے آگے ٹکٹ کے لیے ہاتھ نہیں پھیلاﺅں گا، اگران لوگوں سے ٹکٹ لینا پڑا تو سیاست چھوڑ دوں گا۔اس سے قبل پی ٹی آئی کے رہنماشفقت محمود کہہ چکے ہیں کہ جہانگیر ترین نے انٹرا پارٹی الیکشن پراثر انداز ہونے کے لیے 86 ہزار سمیں لی ہیں ۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں پنجاب کی صدارت کیلئے 2 گروپ منظر عام پر آئے ہیں ۔ جہانگیر ترین کے دھڑے سے  چوہدری سرور  اور شاہ محمود قریشی کے گروہ کی جانب سے ایم این اے شفقت محمود پنجاب کی صدارت کے امیدوارہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close