پنجاب

پولیس نے چھوٹو گینگ کیخلاف کارروائی کیلئے فوج سے مدد طلب کرلی

راجن پور: پولیس اور رینجرز کی جانب سے راجن پور کے چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن 17ویں روز بھی جاری ہے جب کہ پولیس نے فضائی آپریشن کے لئے فوج سے مدد طلب کرلی۔

راجن پور کے چھوٹو گینگ کے خلاف پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے اور گزشتہ روز کارروائی کے دوران دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 پولیس اہلکار شہید اور کئی زخمی ہوگئے تھے جب کہ چھوٹو گینگ نے 22 اہلکاروں کو بھی یرغمال بنا لیا جس کے بعد پولیس نے چھوٹو گینگ کے خلاف فضائی آپریشن کے لئے پاک فوج سے مدد طلب کرلی اور اس حوالے سے کورکمانڈر ملتان سے تحریری درخواست بھی کردی گئی۔

آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کورکمانڈر ملتان سے ملاقات بھی کی اور راجن پور میں جاری چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے راجن پور کے کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کے قبضے سے متعلق بھی کورکمانڈر ملتان کو آگاہ کیا۔

دوسری جانب آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہیں بکتر بندی گاڑی اور جدید اسلحہ دیئے بغیر ہی میدان میں اتار دیا گیا، لڑنے اور مرنے کا حوصلہ ہے لیکن اس کے لئے اسلحہ دیا جائے جب کہ چھوٹو گینگ کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے شروع کیا گیا آپریشن فوری طور پر بند کیا جائے بصورت دیگر یرغمال بنائے گئے پولیس اہلکاروں کو آزاد نہیں کیا جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close