پنجاب

ادارے ایک دوسرے کیساتھ حالت جنگ میں ہیں، جاوید ہاشمی

ملتان: سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ادارے ایک دوسرے کیساتھ حالت جنگ میں ہیں، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق دل چھوٹا نہ کریں، ان سے کہتا ہوں کہ ہمت وحوصلہ کریں، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، 4سال مکمل ہوگئے، اقتدار کی کون سی بھوک ہے جو سیاستدانوں کو سونے نہیں دے رہی، منزل قریب ہے اگر اگست تک انتخابات ہوگئے تو پاکستان کا جھنڈا بلند ہوگا، تمام قوتیں نوازشریف کو گرا کرخود کو فاتح سمجھ رہی ہیں، نوازشریف کو عوام نے نہیں اداروں نے گرایا، اگر میاں صاحب آج کھڑے ہو جائیں تو پاکستان کھڑا ہو جائے گا۔ ملتان کے مقامی سکول میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ آج پاکستان شدید سیاسی و آئینی بحران سے گزر رہا ہے، جگہ جگہ پر دھرنے ہو رہے ہیں، ملک میں افراتفری پیدا ہو چکی ہے، یہ وقت پوری قوم کے متحد ہونے کا وقت ہے۔ ادارے اپنی ذمہ داری ادا کریں، ملک کیلئے مشکلات پیدا نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ سیاستدانوں نے ملک کو اختلافات کی دلدل میں پھینک دیا ہے، ملک کی بنیادیں ہلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، میں تمام پارٹیوں سے آئین کے تقاضے پورے کرنے کی درخواست کرتا ہوں، اگر تمام پاکستانی مل کر کوشش کریں تو ملک کو بچایا جا سکتا ہے، منزل قریب ہے اگر اگست تک انتخابات ہو گئے تو پاکستان کا جھنڈا بلند ہوگا، حھنڈا بلند ہوگا، اگست میں جو بھی پارٹی جیتے پاکستان ہی جیتے گا۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو بہتر کرنا ہماری ذمہ داری ہے، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے کہتا ہوں کہ دل چھوٹا نہ کریں، بلکہ دل بڑا کریں حالات کو ہم سب نے مل کر ٹھیک کرنا ہے، کوئی الیکشن ہارے یا جیتے لیکن جیت عوام کی ہونی چاہیے، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، مخالفین کو اقتدار کی ایسی کیا بھوک لگی ہے کہ وہ حکومت کو پانچ سال پورے کرنے نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور انکے خاندان سے میرا تعلق 35 سال پرانا ہے، اختلافات کے باوجود میاں نواز شریف نے ملاقات کی دعوت دی جو میں نے قبول کر لی، میں نے اپنے سیاسی کرئیر میں میاں صاحب کو نہیں چھوڑا بس اختلاف تھا، میں نے میاں صاحب کو کہا کہ اگر اپ لڑیں گے تو میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں گا، میاں صاحب کو عوام نے نہیں اداروں نے گرایا، میاں صاحب کو عوم نے تین بار وزیر اعظم بنایا۔ اگر آج میاں صاحب مایوس ہوگئے تو ملک بیٹھ جائے گا، انہوں نے کہا کہ بلاول میں بہت سی صلاحتیں موجود ہیں، میں بلاول کو مستقبل کا اچھا لیڈر سمجھتا ہوں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close