پنجاب

حیدر گیلانی کی بازیابی، اہلخانہ حیدر سے ملنے کیلئے بے قرار، استقبال کی بھرپور تیاریاں

لاہور : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے حیدر گیلانی بازیابی کے بعد آج لاہور اپنی رہائشگاہ پہنچ رہے ہیں۔ اہلخانہ حیدر سے ملنے کیلئے بے قرار جبکہ استقبال کی بھرپور تیاریاں کر لی گئیں۔

تین سال پہلے ملتان سے اغوا ہونیوالے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے حیدر گیلانی کو بالآخر امریکی اور افغانی فورسز نے افغانستان سے بازیاب کرا لیا۔ حیدر گیلانی کی بازیابی پر اہلخانہ کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں۔ والدہ، بہن، بھائی، بیوی اور اکلوتا بیٹا آمد کے منتظر ہیں۔ گھر پر جشن کا سماں ہے۔ ڈھول بھی بجایا جارہا ہے۔ صدقے کے 7 بکرے پہنچا دئیے گئے جو علی حیدر گیلانی کے گھر میں قدم پڑتے ہی قربان کئے جائیں گے۔ مٹھائی بھی تقسیم ہو گی۔

گیلانی خاندان کو بڑی خوشی ملی ہے تو بڑی بڑی شخصیات بھی ان کے گھر پہنچ رہی ہیں۔ مبارکبادیں دی جا رہی ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی آمد بھی متوقع ہے جبکہ والد یوسف رضا گیلانی اسلام آباد میں موجود ہیں جو اسلام آباد ہائیکورٹ سے ٹڈاپ کیس میں ضمانت قبل ازگرفتاری کرانے کے بعد لاہور پہنچیں گے۔ اس موقع پر گیلانی ہاﺅس کی سکیورٹی کے بھی سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ پولیس اور ایلیٹ فورس کے دستے گھر کے باہر موجود ہیں اور سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close