پنجاب

باقر نجفی رپورٹ کا پبلک ہونا انصاف کی طرف اہم پیش رفت ہے، ڈاکٹر طاہر القادری

لاہور: منہاج سیکرٹریٹ میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا سے ملاقات میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ جب مظلوم ظلم کو قبول کر لے، خوف، مصلحت اور لالچ کا شکار ہو جائے تو اس سے ظالم قوت پکڑتا ہے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء نے وقت کے فرعونوں اور نمرودوں سے ٹکر لے کر ڈٹے رہنے کے حوالے سے جرآت و بہادری اور استقامت کی نئی تاریخ رقم کی۔ یہ قربانیاں ظالم نظام کیخلاف دی گئیں کبھی رائیگاں نہیں جائینگی، جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کا پبلک ہونا انصاف کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے، یہ رپورٹ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے پُرعزم رہنے کا نتیجہ ہے، ان شاء اللہ تعالیٰ انہی پُرعزم ورثاء سے مل کر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

ملاقات میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے زخمی اور اسیر بھی شامل تھے۔ ورثاء کا کہنا تھا کہ ہمیں حکمرانوں کی طرف سے ڈرایا، دھمکایا بھی گیا، کروڑوں روپے کی پیشکشیں بھی کی گئیں، ہمارے دروازوں پر پولیس افسران اور سیاسی ٹاؤٹوں کو بھی بھیجا گیا۔ بیرون ملک بھجوانے اور پُرکشش نوکریوں کے وعدے بھی کیے گئے مگر ہم جس قائد، تحریک اور مشن سے وابستہ ہیں وہ انمول ہے۔ اس موقع پر ورثاء نے کہا کہ ہمیں اپنے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے مشن پر فخر ہے، اسی مشن کی برکت سے اللہ نے ہمیں حوصلہ دیا اور ہم وقت کے یزیدوں سے بلاخوف و خطر ٹکرائے اور ان کے ظلم پر مبنی بیانیہ کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی مکمل انصاف ہونا باقی ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن رفیق نجم، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ، امیر لاہور حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ اور طیب ضیاء بھی موجود تھے۔ ورثاء نے کہا کہ ہمارے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمیشہ ایک شفیق باپ کی طرح ہمارا خیال رکھا، انقلاب کے عظیم مقصد کیلئے ہماری اور ہماری آئندہ نسلوں کی جانیں بھی حاضر ہیں، جیلیں کاٹنے والے اسیران کو ڈاکٹر طاہرالقادری نے استقامت میڈلز بھی دئیے اور شہداء کے بچوں کو بھی پیار کیا۔ سربراہ عوامی تحریک نے ملاقات کے بعد شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے ہمراہ شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close