پنجاب

عزت پر سمجھوتا نہیں کریں گے، اتحادی ہونے کے باوجود ہمیں نوٹس دیئے جارہے ہیں، میجر جنرل آصف غفور

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ امریکا نے پچھلے دنوں ہمیں دھمکیاں دیں، ہم پیسے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں نہیں کر رہے، بہت کچھ کر لیا اب ہم کسی کے لیے نہیں لڑیں گے۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت نہیں چاہتا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری کامیابیاں جاری رہیں تاہم فوج کے کامیاب آپریشنز سے ملک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے نہیں رہے، 2017ء میں بھارت کی ایل او سی کی خلاف ورزیوں میں تیزی رہی جبکہ اس سال ہمارے فوجیوں کی شہادت 250 سے زائد ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا اور اس سال بھی 25 دسمبر کو جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا، یہ سب پروپیگنڈا ہے جو کہ کشمیر میں آزادی کی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیے ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ امریکا نے بھی پچھلے دنوں ہمیں دھمکیاں دیں، ہم پیسے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں نہیں کر رہے، بہت کچھ کر لیا اب ہم کسی کے لیے نہیں لڑیں گے، امریکا کو واضح بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم دوستوں سے لڑا نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے ہمیں جو بھی رقم ملی وہ اخراجات کی مد میں ملی، ہم اپنی ملکی خودمختاری اور عزت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، ملک پر منڈلاتے خطرات ابھی ختم نہیں ہوئے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بلوچستان سے متعلق اپنے دشمنوں کو بخوبی جانتے ہیں، سوئٹزر لینڈ نے براہمداغ بگٹی کی درخواست مسترد کی، دوسری جانب خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت کئی منصوبے جاری ہیں جبکہ بلوچستان میں دو ہزار سے زائد فراری قومی دھارے میں واپس آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013ء کے مقابلے میں آج کا کراچی بہت بہتر ہے اور قانون کی حکمرانی کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے تاہم کراچی کے حالات مزید بہتر ہوں گے اور اس حوالے سے اپیکس کمیٹی میں کام جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افواج پاکستان کی ذمے داری سی پیک کو تحفظ فراہم کرنا ہے اور سی پیک کی سلامتی کو خطرات لاحق نہیں ہوں گے، کلبھوشن کے حوالے سے سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کلبھوشن کے معاملے پر کوئی کمپرومائز نہیں کیاجائے گا، کلبھوشن کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی، اس حوالے سے ہم پر کوئی دباؤ نہیں تھا جبکہ ملاقات سے کیس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

صحافی کی جانب سے سوال پر کہ سینیٹ اجلاس کے بعد سعد رفیق نے کہا کہ آرمی چیف نے جمہوریت کے حوالے سے مثبت پیغام دیا تاہم آرمی چیف کا حکم ماننے والے بھی اس کو دیکھیں جس کے جواب پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کا بیان غیرارادی نہیں تھا، یہ بیان انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے، پاک فوج ایک ڈسپلن ادارہ ہے، آرمی چیف کے ایک اشارے پر پوری فوج وہاں دیکھنا شروع ہوجاتی ہے جہاں وہ چاہتے ہیں، آرمی چیف کے حکم پر ہم قربانیاں دے رہے ہیں اور اگر ایسا نہ ہو تو ہر کوئی اپنی مرضی سے کام کرنا شروع کردے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کچھ ادارے ایسے ہیں جن کو آئین ہی تحفظ فراہم کرتا ہے لہذا ایسا بیان نہیں آنا چاہیے جو آئین کی بھی خلاف ورزی ہے، ہر آدمی کی ذمے داری ہے کہ آئین اور قانون کا احترام کرے اور اس کے دائرے میں رہے اگر ایسی لائن چھیڑیں گے تو بہت سارے ارتعاش پیدا ہوں گے۔ ایک اور سوال پر کہ نواز شریف اور مریم نواز مسلسل اپنے خلاف چلنے والے مقدمات کے پیچھے سازش کا اشارہ دے رہے ہیں اور اس میں پاک فوج کو سازشی قرار دے رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا یہ ایک سیاسی سوال ہے اور اس پر خاموش ہی رہیں گے تاہم اگر کوئی سازش ہے تو انہیں اس کا ثبوت سامنے لانا چاہیے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close