پنجاب

ہم میں سے کوئی وزارت عظمٰی کا امیدوار نہیں، نواز شریف ہی لیڈر رہینگے، وزیراعظم

سیالکوٹ:

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف ہمارے لیڈر تھے ، ہیں اور رہیں گے، ان کے خلاف عدالتی فیصلے ردی کی ٹوکری میں جائیں گے۔ سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے، کسی کو گالیاں نہیں دیں، ہر روز پارٹی اور لیڈر بدلنے والے پاکستان کی خدمت نہیں کرتے، ہمارے لیڈر کل بھی نواز شریف تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی وہی ہمارے لیڈر ہوں گے۔ ہم میں سے کوئی وزارت عظمیٰ کا امیدوار نہیں۔ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ نواز شریف جس پر بھی ہاتھ رکھتے وہی وزیر اعظم ہوتا ہے، یہی جمہوریت کی کامیابی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ 2018 کے انتخابات میں پاکستان کے عوام مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے حق میں فیصلہ کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک کے مسائل حل کئے ہیں، ہم نے ان مشکلات کو حل کیا ہے جو پاکستان کی تاریخ میں کسی نے نہیں کیے۔ 4 سال پہلے جمعے کی نماز پڑھنے جاتے وقت بھی یہ خوف رہتا تھا کہ کہیں خودکش حملہ نہ ہوجائے لیکن آج ہم امن سے رہتے ہیں، کراچی جو دنیا کے 5 پرتشدد شہروں میں شمار ہوتا تھا لیکن اب وہاں امن ہے، پاور پلانٹس، سی این جی اسٹیشنز اور گھروں میں گیس نہیں تھی لیکن آج صورت حال مختلف ہے۔ موجودہ دور حکومت میں 1800 کلومیٹر سے زائد موٹر ویز بنائی گئیں، یہ تمام چیزیں ملک کی معیشت کو مضبوط کریں گی اور یہ سب پورا پاکستان محسوس کرتا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں کسی قسم کی شرمندگی نہیں کیوں کہ ہم نے پاکستان کے مسائل حل کیے ہیں، سیاست کے فیصلے عدالتوں میں نہیں ہوتے، جب بھی ایسا ہوا تو ان فیصلوں کو نا تو پاکستان کے عوام نے مانا اور نا ہی تاریخ نے اسے قبول کیا۔ سیاست کے فیصلے پولنگ اسٹیشنز پر ہوتے ہیں، جولائی میں عام انتخابات ہوں گے، اس میں عوام جو بھی فیصلہ کریں گے وہ سر آنکھوں پر ہوگا۔ نوازشریف کا فیصلہ عوام نے قبول نہیں کیا۔ عوام اور تاریخ اسے بھی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیں گے۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ اگلا الیکشن مسلم لیگ (ن) ہی جیتے گی۔ اس سے قبل سیالکوٹ ایئرپورٹ کے بین الاقوامی ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری نے ایئرپورٹ کے لیے فنڈز دیے، یہ پہلا گرین فیلڈ ایئرپورٹ ہے جو کامیاب ہوا، این ایچ اے علاقے کی ترقی کے لیے منصوبوں پر کام کررہی ہے جب کہ نندی پور کا منصوبہ 2006 میں شروع ہوا جسے ہم نے مکمل کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے پروجیکٹس شروع کرکے مکمل بھی کیے، توانائی کے شعبے میں 10 ہزار میگاواٹ کے منصوبے مکمل کیے جس سے بجلی کی قیمت کم ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 سال میں ملک میں انتشار پھیلانے اور ہمارا راستہ روکنے کی بھرپور کوششیں کی جاتی رہیں تاہم ہماری ہی حکومت نے ملک سے توانائی بحران کو ختم کیا اور گیس بحران پر قابو پایا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close