پنجاب

بڑے زور اور جوش میں ہوں، میرے اور عوام کے درمیان مت آؤ، نواز شریف کا اعلان

جڑواں والا: سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ایک نئے پاکستان کا ریفرنڈم ہوگا۔ جڑانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ میں جو وعدہ کرتا ہوں وہ پورا کرتا ہوں، لیکن مجھے ہمیشہ ایک سازش کے تحت ملک کی خدمت سے روکا گیا، 1999ء میں بجلی کی کمی نہیں تھی، دہشتگردی کا نام و نشان نہیں تھا ملک ترقی کر رہا تھا اور پاکستان ایشین ٹائیگر اور ایٹمی طاقت بن کر ابھر رہا تھا لیکن مشرف نے مارشل لا لگا کرستیا ناس کر دیا۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ 2013ء کے انتخابات کے بعد جس ملک کی باگ ڈور ہمارے ہاتھوں میں تھمائی گئی وہ مکمل طور پر معاشی بدحالی کا شکار تھا، ملک بھر میں دہشتگردی اور قتل غارت گری جاری تھی، لوڈ شیڈنگ کا عذاب عوام پر مسلط کردیا گیا تھا، عوام بے روزگاری کے باعث خودکشیوں پر مجبور ہوگئے تھے لیکن ہم نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک کی حالت یکسر تبدیل کردی، میرے دور میں ڈرون حملے بند ہوگئے تھے،میں خود امریکی صدر اوباما سے کہا تھا پاکستان آزاد ملک ہے، کوئی ڈرون حملہ نہیں کرسکتا، لیکن جیسے ہی مجھے نااہل قرار دیا گیا ڈرون حملے پھر شروع ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تو بجلی کی تار سے ڈرنے والے بھی ہم سے ٹکر لینے آرہے ہیں، میں ان سے کہتا ہوں کہ میں بڑے زور اور جوش میں ہوں میرے اور عوام کے درمیان مت آؤ، کیوں کہ عوام میری اور میں عوام کا ہوں، مجھے 5 سال کیا پوری زندگی کے لئے بھی نااہل کردیا جائے تو عوام سے رشتہ نہیں ٹوٹے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ لاہور میں خالی کرسیوں کا جمِ غفیر تھا آج کا جلسہ دیکھ کرعوام فیصلہ کرے کہ اس کے شرکا کا مقابلہ کہاں ہے، مجھے نااہل کرنے والے دیکھ لیں عوام اس فیصلے کو نہیں مانتے، کیا بیٹے سے تنخواہ نہ لینا باپ کا جرم ہوتا ہے، مجھے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے اسمبلی میں بھیجا تھا لیکن چند لوگوں کو پاکستانی عوام کے ووٹ کی اہمیت کا خیال نہیں، آئندہ انتخابات میں ایک نئے پاکستان کا ریفرنڈم ہوگا اور مجھے دوبارہ اسمبلی میں جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close