پنجاب

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل؛ احد چیمہ 11 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

لاہور: احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔ پاکستان ویوز کے مطابق نیب نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو سخت سیکیورٹی میں لاہور کی احتساب عدالت کے جج محمد اعظم کے روبرو پیش کیا۔ عدالت کے روبرو نیب نے موقف اختیار کیا کہ ایل ڈی اے کے سابق سربراہ پر 32 کنال اراضی رشوت میں لینے کا الزام ہے، معاملے کی تفتیش ابھی جاری ہے اور ملزم سے کئی معلومات درکار ہیں، اس لئے ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جائے۔

دوران سماعت احد چیمہ نے اپنے اوپر عائد الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ میری طرف کسی نے انگلی نہیں اٹھائی لیکن اس کے باوجود گرفتارکیا گیا اور کوئی میرا مؤقف سننے کو تیار نہیں ہے۔ عدالت نے احد چیمہ کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا، فاضل جج نے حکم دیا کہ ملزم کو 3 مارچ کو دوبارہ پیش کیا جائے اور تفتیش سے آگاہ کیا جائے۔

دوسری جانب ترجمان نیب نے پنجاب حکومت کےتمام بیانات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ احد چیمہ کے بارے میں ٹھوس شواہد موجود ہیں، ان کی گرفتاری قانون کے مطابق کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو نے کئی مرتبہ طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر گزشتہ روز احد چیمہ کو حراست میں لیا تھا، جس پر پنجاب کی بیورو کریسی اور حکومت کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close