پنجاب

شہباز شریف کی چیف جسٹس سے عمران خان کے الزامات پر فل بینچ بنانے کی اپیل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے الزامات پر فل بینچ بنائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے پانچویں مرتبہ مجھ پر کرپشن کے الزامات لگائے، عدالت کے سامنے اگر عمران خان جھوٹے ثابت ہوں تو کسی درگاہ پر بیٹھ پر تربیت حاصل کریں اور اگر میں قصور وار ثابت ہوا تو سیاست سے خاموشی سے کنارہ کشی کرلوں گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ کبھی قوم سے جھوٹ نہیں بولوں گا لیکن وہ ایک الزام لگاتے ہیں پھر جب جواب مانگا جاتا ہے تو دوسرا الزام لگادیتے ہیں، دنیا میں اس طرح کی مثال دیکھنے میں نہیں ملتی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان نے پہلا الزام لاہور میٹرو بس منصوبے کی لاگت سے متعلق لگایا اور یہ راگ الاپتے رہے کہ منصوبے پر 70 ارب روپے لاگت آئی اور جب ان سے الزامات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ خان صاحب نے کاغذ لہراتے ہوئے پریس کانفرنس کے دوران الزام لگایا کہ شہباز شریف نے 27 ارب روپے خزانے کے ہتیا لیے جس پر عمران خان کو نوٹس بھجوایا لیکن وہ آج تک بھاگتے پھر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس کے بعد عمران خان نے پھر الزام لگایا کہ میں نے انہیں پاناما کیس میں خاموش رہنے کے لئے 10 ارب روپے کی آفر کی، جس کے خلاف پھر عدالت گیا، لیکن آج تک نہ تو خان صاحب عدالت آئے اور نہ ان کے وکیل پیش ہورہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close