پنجاب

جے یو پی کا ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ

جمعیت علما پاکستان پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں متحدہ مجلس عمل کے قیام کے بعد سیاسی امور کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی طے کرلی گئی ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا۔ یہ بھی واضح کیا گیا کہ جوڈیشل مارشل لاء کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں، ایسی باتیں سیاسی یتیم پھیلا رہے ہیں تاکہ انتخابی عمل پر ابہام پیدا کیا جا سکے، جمہوری قوتیں کسی بھی غیر آئینی اقدام کی مزاحمت کریں گی۔ جامعہ برکات العلوم مغلپورہ لاہور میں ہونیوالے اجلاس میں جے یو پی کے مرکزی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ علامہ نوراحمد سیال سعیدی کی زیر صدارت اجلاس میں ڈاکٹر جاوید اختر، چودھری محمد یعقوب، رانا رحمت علی، سید ارشد حسین گردیزی، راؤ عظمت اللہ خان، سید مقبو ل بخاری اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں متحدہ مجلس عمل کی بحالی اور مرکزی عہدیداروں کے انتخابات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اپنے خطاب میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ اپریل کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد کنونشن سنٹر میں ایم ایم اے میں شامل پانچوں جماعتوں کے صوبائی اور ضلعی عہدیدارشریک ہوں گے، جہاں آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔ علامہ نوراحمد سیال سعیدی نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل نظریہ پاکستان اور دستور پاکستان کا تحفظ کرے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نصاب تعلیم میں سے نکالے گئے اسلامی اقدار کے مضامین دوبارہ شامل کئے جائیں، اسلامی جمہوریہ میں اسلامی اقدار کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close