Featuredپنجاب

مجھے جیل بھیجنے کی سر توڑ کوشش کی جارہی ہے، نوازشریف

جہلم: مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا ہے کہ مجھے جیل بھیجنے کی سر توڑ کوشش کی جارہی ہے جب کہ ہمارا مقابلہ زرداری اور عمران خان سے نہیں بلکہ ان کے اوپر والوں سے ہے جہاں سے وہ ڈکٹیشن لیتے ہیں۔

جہلم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط کیا، ملک بھر میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جب کہ مجھ پر کسی قسم کی کرپشن اور لوٹ مار کا الزام نہیں لیکن لوٹ مار کرنے والے آرام سے بیٹھے ہوئے ہیں اور انہیں پیشیاں نہیں بھگتنی پڑرہی مگر میری آج نیب میں 62ویں پیشی تھی، اس بات کی سر توڑ کوشش کی جارہی ہے کہ نوازشریف کو جیل بھیج دیا جائے۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ووٹ کو 70 سال سے عزت نہیں ملی لیکن اب ہم نے یہ کھیل ختم کرنے ہیں، ہم تاریخ نہیں دہرائیں گے اور اگلے سال پچھلے سالوں سے بہت بہتر ہوں گے جب کہ اب ووٹ کی عزت کریں گے اور کروائیں گے کیوں کہ ووٹ کو عزت دینے سے پاکستان ترقی کی طرف جائے گا اور پاکستان ایشین ٹائیگر بنے گا، 2018 کا الیکشن ریفرینڈم ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا میرے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں، کبھی گیدڑ بھی شیروں کا مقابلہ کرتے ہیں جب کہ اب عوام آپ کی چور دروازے سے انٹری روکیں گے کیوں کہ یہ بہادر عوام بزدل لوگوں کو پسند نہیں کرتے کہ وہ ان کی قیادت کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپ جس امپائر کی طرف اشارہ کرتے ہو، وہ کون ہے، اوپر والوں کے نیچے لگ کہ کیوں چھپتے ہو، جرت ہے تو آو سامنے آکر مقابلہ کرو لیکن آپ بزدل انسان ہو۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں مجھے پرانا پاکستان ہی نظر آیا، پشاور کا حال کراچی جیسا ہوگیا ہے، وہاں بھی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، کوئی اسکول بنا ہے اور نہ کوئی اسپتال جب کہ عمران خان آصف زرداری سے ہاتھ نہ ملانے کا کہتے تھے مگر اب صرف ہاتھ ہی نہیں دل بھی ملا رہے ہیں۔ انہوں نے آصف زرداری اور عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرا مقابلہ آپ لوگوں سے نہیں بلکہ آپ کے اوپر والوں سے مقابلہ ہے جہاں سے تم لوگ حکم لیتے ہوں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close