Featuredپنجاب

سیسنا تربیتی طیارہ گارڈن ٹاؤن کے علاقے میں گر کر تباہ

لاہور کے علاقے کلمہ چوک کے قریب والٹن ائر پورٹ سے اڑنے والا ایک اور سیسنا تربیتی طیارہ گھر پر گرکر تباہ ہوگیا ہے۔ طیارے میں 2 افراد ہشام اور فہیم سوار تھے۔ طیارہ نچلی پرواز کر رہا تھا اور جیسے ہی کلمہ چوک کے قریب پہنچا تو تیز ہوا کے باعث کنٹرول نہ رکھ سکا۔ پائلٹ فہیم کا کہنا ہے کہ طیارے میں جھٹکے لگنا شروع ہوئے تو انہوں نے اسے کسی کھلی جگہ پر لینڈ کرنے کی کوشش کی۔ برکت مارکیٹ کے قریب 2 سے 3 کنال کے رقبے پر مشتمل گھر کا بڑا لان دیکھ کر وہاں طیارے کو اتارنے کی کوشش کی لیکن طیارہ بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔ ذرائع کے مطابق آج تیز ہوا میں تربیتی طیارے کا اڑنا قواعد کی خلاف ورزی تھی۔ آبادی پر تربیتی طیارے کے گرنے سے ایک بار پھر یہ سوال پیدا ہو گیا ہے کہ اس قدر گنجان آبادی کے درمیان تربیتی طیاروں کی پروازوں کو بند کیوں نہیں کیا جاتا۔

2012ء میں بھی ایک طیارہ ماڈل ٹاون کے گھر پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے بعد ایک شہری نے لاہور ہائیکورٹ میں والٹن ائرپورٹ کو بند کرنے کی درخواست دی تھی لیکن عدالت نے سول ایوی ایشن کا موقف سننے کے بعد کہ یہ ایئرپورٹ تاریخی اہمیت رکھتا ہے اور جب اس کو تعمیر کیا گیا تھا اس کے اردگرد آبادی موجود نہیں تھی۔ درخواست رد کر دی تھی۔ سول ایوی ایشن نے عدالت کو بتایا تھا کہ والٹن ایئر پورٹ 1930 میں بنایا گیا تھا جبکہ اس وقت لاہور کی نئی آبادیوں ماڈل ٹاون، گلبرگ، ڈیفنس اور کینٹ کا وجود نہیں تھا۔ تاہم موجودہ وقت میں والٹن ایئرپورٹ کے قریب عسکری رہائشی کالونیاں بھی تعمیر ہو چکی ہیں اور اس کو لاہور میں مرکز کی حیثیت حاصل ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق والٹن ایئرپورٹ پہلے سے زیادہ آپریشنل ہو چکا ہے۔ یہاں کئی اہم شخصیات کے چھوٹے جہاز بھی ہینگروں میں لنگر انداز ہوتے ہیں جن میں جنوبی پنجاب کے سیاستدان مخدوم احمد کے 2 آٹھ نشستوں والے جہاز بھی ہینگرز میں کھڑے ہوتے ہیں جبکہ معروف صحافی مبشر لقمان کا ایک جہاز بھی اس ایئر پورٹ پر کھڑا ہوتا ہے جس کا ہر ماہ بھاری کرایہ ادا کیا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق والٹن ایئر پورٹ پر فلائنگ کلب کے تربیتی جہازوں کے علاوہ نجی کمپنیوں کے بھی جہاز موجود ہیں جن کی کل تعداد 30 کے قریب بتائی جاتی ہے۔ 6 ماہ پہلے لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی یو ایم ٹی نے بھی اپنے طالبعلموں کو تربیت دینے کیلئے جہاز لنگر انداز کیا ہے۔ اس وقت متعدد نجی کمپنیاں جن میں لاہور الٹر لائٹ سپورٹس، ہائی برڈ، ایئر بارن کے جہاز والٹن ایئر پورٹ پر موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم کی ذرا سی خرابی اور تیز ہوا میں تربیتی طیارے اڑانے کی اجازت نہیں ہوتی جبکہ آج لاہور میں ہوا تیز چل رہی تھی اس کے باوجود طیارے کو اڑنے کی اجازت دینا سمجھ سے بالا تر ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close