پنجاب

لیگی حکومت ختم ہوتے ہی بجلی کو اپنے ساتھ لے گئی، شاہ محمود قریشی

ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ظلم کی تاریک رات ختم ہو چکی ہے، نئی طلوع صبح کا انتظار ہے، ن لیگ نے 2018ء کو لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا سال قرار دیا تھا۔ لیکن ن لیگی حکومت ختم ہوتے ہی بجلی کو اپنے ساتھ لے گئی، ن لیگ کا لوڈشیڈنگ کے خاتمے وعدہ جھوٹا نکلا۔ ن لیگ کی حکومت صحت تعلیم گڈگورننس بلدیات پولیس الغرض ہر شعبے میں ناکام رہی، عوام نے 25جولائی کو بلے پر مہر لگائی اور تحریک انصاف کو اقتدار دیا تو انشاءاللہ ایک نئے عزم، ولولہ، شعور اور نئے ایجنڈے کے ساتھ طلوع صبح کا آغاز کریں گے، ن لیگ کے 10سالہ دور حکومت میں عوام کو مایوسی کے علاوہ کچھ نہ ملا، عوام کی امیدوں کا واحد مرکز عمران خان اور تحریک انصاف ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ڈپٹی میئر و ن لیگ کے سابق ٹکٹ ہولڈر ملک اختر بھٹہ کی اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، سابق رکن صوبائی اسمبلی جاوید اختر انصاری، اعجاز جنجوعہ، ملک ظہور بھٹہ، ندیم قریشی، اسلم سعید قریشی، مخدوم شعیب اکمل ہاشمی ودیگر شخصیات بھی ہمراہ تھیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان کی عوام عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں اس لئے ن لیگ اور پی پی کو مسترد کرکے عمران خان کو اقتدار میں لائیں گے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں، قوم 2018ء کے الیکشن میں نااہل اور ناکام حکمرانوں کو مسترد کریں، ایک سوال کے جواب میں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ریحام خان کی کتاب شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں، پی ٹی آئی کے مخالفین سیاسی سٹینٹ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، جلد اس کی اصلیت سامنے آجائے گی، ایک اور سوال کے جواب میں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نامزدگی فارم پر قوم کو تحفظات ہیں کیونکہ یہ ہر کسی کو حق ہے کہ وہ اپنے منتخب نمائندوں سے ان کی تفصیلات معلوم کرسکیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پورا خطہ اور بلخصوص پاکستان پانی کی شدید کمی کا شکار ہے، اسی پانی کی بدولت پاکستان اور بھارت اور پاکستان میں صوبوں کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں، تحریک انصاف اقتدار میں آئی اور ہمارے ایجنڈے میں شامل ہے کہ ہم اس پانی کے مسئلے پر واٹر پالیسی دیں گے تاکہ ملک کو بنجر ہونے سے بچایا جاسکے۔

ایک اور سوال کے جواب میں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ن لیگ کی مقامی قیادت کا این اے 156 میں مریم نواز کو الیکشن کی دعوت دینا ن لیگ کی مقامی قیادت کی شکست ہے، ن لیگ کی مقامی قیادت کے پاس کوئی ایسا امیدوار نہیں ہے جو میرا مقابلہ کرسکے، اس سے ن لیگ کی قیادت کی بھوکھلاہٹ اور شکست واضح نظر آ رہی ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس جاری ہے اور انشاءاللہ جلد ہی ٹکٹوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ میں نے گزشتہ روز ملتان کے قومی حلقہ این اے 156 اور دو صوبائی حلقوں پی پی 216 اور پی پی 217 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔ میں ملتان سے ایک قومی اور ایک صوبائی حلقے سے الیکشن لڑنے کا خواہش مند ہوں۔ تاہم پارٹی قیادت جو بھی فیصلہ کریگی میں اس کے مطابق الیکشن لڑوں گا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ رائے حسن نواز کے معاملے پر جہانگیر ترین سے کوئی لڑائی نہیں ہوئی، جہانگیر ترین کا میں احترام کرتا ہوں، رائے حسن نواز اور ان کے والد سے بھی میرے درینہ مراثم ہیں میں نے صرف الیکشن کمیشن کی رولنگ پر اعتراض اٹھایا تھا، مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملک اختر بھٹہ اور ان کے ساتھیوں کی تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور کہا بھٹہ برادری کی سرکردہ شخصیات کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے تحریک انصاف کو تقویت ملے گی، سابق ڈپٹی میئر ملک اختر بھٹہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم نے ختم نبوت اور نواز شریف کے ملک دشمنی بیانیہ پر ن لیگ سے علیحدگی اختیار کرکے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم ملتان کو تحریک انصاف کا گڑھ بنائیں گے، اس موقع پر بھٹہ برادری کی سینکڑوں شخصیات نے مخدوم شاہ محمود قریشی کی موجودگی میں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close