پنجاب

مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل ہونے سے عالمی امن بحال ہوگا، لیاقت بلوچ

لاہور: جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر کشیدگی ختم کرنے کیلئے کئی اہم اقدامات ہو رہے ہیں، روس، چین پاکستان کے بڑھتے تعلقات اور امریکہ و شمالی کوریا قیادت کی ملاقات بہت اہم ہیں، لیکن پوری دنیا اور خطہ کو امریکہ، اسرائیل اور بھارت کے ناپاک گٹھ جوڑ اور عزائم سے خطرات لاحق رہیں گے۔

این اے 130 میں عوامی افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل ہونے سے عالمی امن بحال ہوگا۔ انہوں نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورۂ افغانستان میں افغان صدر، چیف ایگزیکٹو اور امریکی کمانڈر سے ملاقاتوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان میں محدود سیز فائر مثبت پیش رفت ہے، خطہ اور افغانستان میں امن کا حل ایک ہی ہے کہ امریکہ اور نیٹو فورسز افغانستان سے نکل جائیں اور خطہ کے تمام ممالک عدم مداخلت پر اتفاق اور عالمی استعمار کے آلہ کار بننے سے انکار کر دیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل نے عام انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کے لیے قومی اور صوبائی امیدواران کے فیصلے کرلیے ہیں۔ مرکزی پارلیمانی بورڈ کی ہدایت پر صوبائی پارلیمانی بورڈ امیدواران کے کاغذات نامزدگی اور متحدہ مجلس عمل کے حلف نامہ کی تفصیلات پر حتمی کام کر رہے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ رمضان المبارک کی مقدس راتوں، مبارک ایام، عبادات، اعتکاف اور ریاضتوں سے پورا پاکستان اور پوری امت مستفید ہوئی ہے، اتحاد امت اور دکھی انسانیت کے دکھ درد کا احساس پیدا ہوا ہے، ماہ رمضان کا اصل پیغام اللہ کے احکامات کے سامنے جھک جانا اور نظام مصطفےٰؐ و اتحاد امت کی فضا پیدا کرنا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close