پنجاب

امام صحافت محافظ نظریہ پاکستان مجید نظامی کی دوسری برسی آج منائی جائے گی

تحریک پاکستان کے کارکن، امام صحافت، محافظ نظریہ پاکستان، معمار نوائے وقت ڈاکٹر مجید نظامی کی دوسری برسی آج منائی جائیگی۔ مجید نظامی 26 جولائی 2014ء ستائیسویں رمضان المبارک کو انتقال کر گئے تھے۔ وہ 3 اپریل 1928ءکو پیدا ہوئے۔ مجید نظامی بے باک صحافی اور ایڈیٹر تھے اور کلمہ حق ادا کرنے کیلئے مشہور تھے۔ وہ ساری زندگی اسلام کی سربلندی، پاکستان کے استحکام اور نظریہ پاکستان کے فروغ کیلئے کوشاں رہے، کشمیر کی آزادی کیلئے ان کی کوششیں انتہائی قابل قدر ہیں۔ مجید نظامی کے چاہنے والے آج ان کی قبر پر حاضری دیں گے، انکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کریں گے اورپھولوں کی چادریں چڑھائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے ڈاکٹر مجید نظامی سچے محب وطن پاکستانی اور پاکستان کی نظریاتی اساس کے امین تھے۔ نظریہ پاکستان کی ترویج و اشاعت کیلئے انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے شعبہ صحافت، نظریہ پاکستان کے تحفظ، تحریک پاکستان کے کارکنوں کی فلاح وبہبود، ملک میں جمہوریت کی سربلندی اور آئین کی بالادستی کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔

شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار معمار نوائے وقت اور بزرگ صحافی ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کی دوسری برسی پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ڈاکٹر مجید نظامی انتہائی بے باک اورحق گو شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے میں کبھی مصلحت سے کام نہیں لیا۔مجید نظامی نے ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کیا اور غیر جمہوری قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جب بھی ملک کی باگ ڈور غیرجمہوری قوتوں نے سنبھالی تو مجید نظامی نے جمہوریت اور جمہوری نظام کیلئے آواز بلند کی۔ مجید نظامی اس بات پر یقین رکھتے تھے قائداعظم کے افکار و نظریات پر عمل کئے بغیر پاکستان اقوام عالم میں باوقار مقام حاصل نہیں کر سکتا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کو اپنا جزو ایمان سمجھتے تھے اور وہ نظریہ پاکستان کو پاکستان کی بقا اور سلامتی کا ضامن قرار دیتے تھے۔انہوں نے کہا پاکستانی قوم اور بالخصوص نوجوان نسل کیلئے مجید نظامی نظریاتی راہبر کی حیثیت رکھتے تھے۔ تحریک پاکستان، نظریہ پاکستان کے تحفظ، ملک میں جمہوریت کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے مرحوم کی خدمات ناقابل فراموش ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم میرے لئے ایک شفیق بزرگ کی حیثیت رکھتے تھے اور انکی کمی آج بھی محسوس کرتا ہوں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close