پنجاب

ملک میں کرپشن، لوٹ مار اور مفادات کی سیاست کرنے والے اللہ کی پکڑ میں ہیں،بلدیاتی الیکشن بھرپور انداز میں لڑیں گے:حافظ محمد سعید

لاہور: امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن، لوٹ مار اور مفادات کی سیاست کرنے والے اللہ کی پکڑ میں ہیں، قوم کو دھوکہ دینے والے بہت ہیں ہم نے سیاست کا رخ بدلنا ہے،سیاسی پارٹیوں کا الیکشن ختم ہو گیا ہمارا جاری ہے،محدود وسائل کے باوجود پورے ملک میں خدمت انسانیت کا عمل جاری رکھیں گے،فرقہ واریت ختم کر کے قوم کو نظریہ پاکستان کی بنیادوں پر متحد و منظم کریں گے،سیاسی جماعتیں نظریہ پاکستان کو پس پشت ڈال چکی ہیں، ہم نے اپنی منزلوں کا تعین مفادات کیلئے نہیں کرنا’ قربانی والے ذہن بنانے ہیں، نوجوان اس ملک کا بہت بڑا اثاثہ ہیں،مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے ذریعہ ان کا مستقبل محفوظ کریں گے،بلدیاتی الیکشن بھرپور انداز میں لڑیں گے۔تفصیلات کے مطابق مرکز القادسیہ چوبرجی میں ملی مسلم لیگ کے امیدواران اور کنوینر ز کے بڑے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئےحافظ محمد سعید نے کہاکہ ہمارے تمام امیدواران نے نظریہ پاکستان کے تحفظ کے مشن میں اپنے آپ کو شامل کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں،میں اس کو بہت بڑی کامیابی سمجھتا ہوں،پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے، اس کا شکر ادا کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ اسے مدینے والا پاکستان بنادیں،جس طرح نبی کریم ﷺنے مدینہ کو ایک ریاست بنایا تھا اسی طرح پاکستان کو بھی مدینے کی طرز پر ریاست بنائیں گے،اس وقت سیاستدان اپنے زخم دکھا رہے ہیں لیکن یہ کبھی نہیں بتایا کہ اس ملک کو کتنے صدمے دیئے؟ان کی منزل اسلام آباد ہے،ہم نے اپنی منزلوں کا تعین مفادات کے لئے نہیں کرنا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بہت بڑی تحریک کھڑی ہو گئی اس کی ضرورت تھی،اپنے رب سے عہد کریں کہ پاکستان کو اللہ کی نعمت سمجھ کر شکر ادا کرتے ہوئے مدینے والا پاکستان بنانے کے لئے دن رات محنت کریں گے اور اپنی صلاحیتیں،جوانیاں قربان کر یں گے۔انہوں نے کہا کہ ستر کے الیکشن کے بعد مشرقی پاکستان الگ ہوا تھا،اس وقت پاکستان سے غداری کرنے والے رب کی پکڑمیں آئے اور انجام کو پہنچے،اس ملک کو توڑنے والوں کو میرے رب نے توڑ کر رکھ دیا۔انہوں نے کہا کہ جس نے اس ملک میں کرپشن اورلوٹ مار کی رب نے اس کو بھی پکڑا،ہم نے وہی نعرہ بلند کیا ہے جو قیام پاکستان کے وقت کیا گیا تھا، لوگوں کا الیکشن ختم ہو گیا ہمارا جاری ہے اور ہم نے اسے جاری رکھنا ہے،لالچ ختم کر کے قربانی کا ذہن بنائیں اللہ تعالیٰ حالات بدل دے گا،مفادات کی سیاست ختم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بہتر لوگ پوری دنیا میں نہیں مگر ان کو لوٹنے والے ،دھوکہ دینے والے بہت تھے،ہم نے سیاست کا رخ بدلنا ہے،ہم نے آج سے ہی کام شروع کرنا ہے،کم وسائل کے ساتھ بھی خدمت کا کام کریں گے،لوگ جیتنے کے بعد کام کرتے ہیں ہم آج سے کریں گے،لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کا نعرہ صرف الیکشن مہم میں نہیں بلکہ اسی پر کام کریں گے ،اس سے فرقہ واریت ختم ہو گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close