پنجاب

دنیابھارتی دہشت گردی کا نوٹس لے،مسلم حکمران درپیش مسائل حل کرنے کیلئے مغرب کی طرف دیکھنا چھوڑ دیں:حافظ محمد سعید

لاہور: امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں مسلمانوں کو باہم دست و گریباں کر کے ان کی قوت کمزور کرنا چاہتی ہیں،مسلم حکمران درپیش مسائل حل کرنے کیلئے مغرب کی طرف دیکھنا چھوڑ دیں،ملکی سلامتی و استحکام کیلئے قرآن کی رہنمائی میں پالیسیاں ترتیب دی جائیں،فرقہ واریت اور پارٹی بازی چھوڑ کر اسلامی شریعت کے مطابق قوم کی تربیت کرنے کی ضرورت ہے،غاصب بھارتی فوج کشمیر میں بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہے،روزانہ بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے،بین الاقوامی دنیابھارتی دہشت گردی کا نوٹس لے اور نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔جامع مسجد القادسیہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد سعید کا کہنا تھا کہ ہمیں افراد کی تربیت کر کے دنیا کے سامنے مضبوط کردار پیش کرنا ہے،دشمن قوتیں اسلام اور پاکستان کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہی ہیں،جن ملکوں میں اسلام کی دعوت مضبوط ہو رہی ہے اور مسلمان قوت پکڑ رہے ہیں ا نہیں خاص طور پر عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں،دشمنان اسلام نے ہمیشہ مسلمانوں کو باہم لڑا کر انہیں کمزور کرنے اور نقصان پہنچانے کی سازشیں کی ہیں، ہمیں دشمن کی سازشوں سے باخبر رہنے اورمتحد وبیدار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ نبی اکرم ﷺ نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کی تربیت اسلام کی بنیاد پر کی اور قربانی والے ذہن تیار کئے گئے،یہ اسی تربیت کا نتیجہ تھا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین نے اپنے کردار کے ذریعہ دنیا میں انقلاب برپا کر دیا، قوموں کی تربیت گھر بیٹھے نہیں ہوتی ،اس کیلئے ایثار و قربانی کے جذبہ سے محنت کرنا پڑتی ہے،آج کا مسلمان اس سوچ و فکر سے عاری نظر آتا ہے،بیشتر سیاسی جماعتیں بھی مغرب کے رنگ میں رنگی ہوئی ہیں،جو لوگ اخلاص کے ساتھ ملک و ملت کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں ان کے راستہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں اور ریلیف کی طرح سیاست سے بھی روکنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاکستان بھر میں 350سے زائد جماعتیں رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 110جماعتوں نے الیکشن میں حصہ لیا لیکن ملی مسلم لیگ جیسی جماعت کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا دشمن قوتوں کو برداشت نہیں ہو رہا اور اس کا راستہ روکنے کیلئے حکم نامے جاری کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم خدمت انسانیت اور نظریہ پاکستان کی بنیاد پر سیاست کر رہے ہیں،ہمیں ملک میں قیام پاکستان والے جذبے دوبارہ پیدا کرنا ہیں،معاشرے میں پائی جانی والی خرابیوں کو دور کرنے کیلئے جذبہ ابراہیمی پیدا کرنے کی ضرورت ہے،ہمیں لوگوں کو مسجد سے وابستہ کرنا ہے، اس وقت مشکل حالات ضرورہیں تاہم ہمیں اصلاح کا عمل جاری رکھنا ہے، اللہ تعالیٰ آسمانوں سے رحمتیں و برکتیں نازل کرے گااور اسلام و پاکستان کی حفاظت فرمائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close