پنجاب

شیخ رشید کا 15 ستمبر سے دو نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے 15 ستمبر سے دو نئی ٹرینین چلانے کا اعلان کیا ہے۔ شیخ رشید کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ راولپنڈی تا لاہور اور کندیاں تا راولپنڈی ٹرین چلائی جائیں گی اور اسی سال ریلوے کو خسارے سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نہ کسی سے عناد ہے اور نہ محبت، میں صرف کام چاہتا ہوں، ریلوے میں نالائق اور کام چوروں کو نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے ریلوے میں 60 سال سے کھڑی گاڑیوں کو نیلام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے اخراجات میں 15 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے اور فریٹ ٹریڈ کو بھی آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فریٹ میں 20 فیصد اضافے کا کہا ہے اور فریٹ ٹریڈ کی یومیہ رپورٹ مجھے فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ باہر سے امپورٹ کرنے کے بجائے سب کام پاکستان میں کرنا چاہتاہوں۔

انہوں نے کہا کہ تمام اسکول اور اسپتال نجی سیکٹر کو دینے کو تیار ہیں اور آئن لائن ٹکٹنگ میں ٹریول ایجنٹس کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ریلوے کی زمین پر درخت لگائے جائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ 606 کوچز بیکار پڑی ہیں، نجی سیکٹر آگے آکر ہماری مدد کرے۔ انہوں نے ریلوے سے کرپشن کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 5 سالہ کارکردگی رپورٹ کو پبلک کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایکسپریس تیز گام سے زیادہ منافع میں چلی تھی، میں پاکستان ایکسپریس کی انکوائری میں بری ہوا تھا اور یہ واحد انکوائری تھی۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کی 4 ہزار ایکڑ اراضی پرلوگ قابض ہیں، پانچ فائیو اسٹار ہوٹلز کے لیے ہمارے پاس پلاٹس موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ڈی ایس سے کہا ہے کہ مجھے یہاں سے 10 ارب روپے چاہئیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close