پنجاب

پنجاب حکومت کی کارکردگی قابل تقلید ہونی چاہیے، وزیراعظم کی صوبائی کابینہ کو ہدایت

لاہور: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان سے ملاقات کی اور اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں بدعنوانی کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔ عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان سے ملاقات میں کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی دوسرے صوبوں کے لیے قابل تقلید ہونی چاہیے، پنجاب کابینہ کے ارکان بدعنوانیوں کی نشاندہی کو اپنی پہلی ترجیح بنائیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب کابینہ کے ارکان بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پنجاب میں زمینوں پر قبضے اور تجاوزات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ زمینوں پر قبضے اور تجاوزات میں مافیاز اور بڑے گروپس ملوث ہیں، زمینوں پر قبضے اور تجاوزات کرنے والے مافیاز اور بڑے گروپوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں پودا لگایا — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہدایت کی کہ پنجاب میں تجاوزات کے خلاف فوری مہم شروع کی جائے، پنجاب میں زمینوں پرقبضے کرنےوالوں کے خلاف بھی فوری کارروائی کی جائے، تجاوزات کے خلاف کارروائی میں صوبائی حکومت کی بھرپور مدد کی جائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ کفایت شعاری اور سادگی کو اختیار کرنے کی ضرورت ہے، پنجاب کابینہ کے ارکان ٹیکس دہندگان کا پیسہ بچاتے ہوئے مثال قائم کریں، ہمیں اپنے اخراجات معقول رکھتے ہوئے انسانی ترقی پر سرمایہ کاری کرنی ہے، پاکستان کا خطے میں سب سے کم ہیومن ڈیویلپمنٹ انڈیکس ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان کو ہدایت کی کہ 100 روزہ ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے انتھک کام کریں، پنجاب کا وقتاً فوقتاً دورہ کروں گا اور سو دن کے ایجنڈے کا جائزہ لوں گا۔ عمران خان نے بعد ازاں گرین پاکستان مہم کا بھی آغاز کیا اور وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں پودا لگا لگایا۔

بیوروکریسی کےکام میں مداخلت نہیں کی جائے گی، وزیراعظم

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے ایوان وزیراعلیٰ میں صوبائی سیکرٹریز سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے میں بیوروکریسی کا اہم کردار ہے، ملک کو چلانے کیلئے بیوروکریسی کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مشکل حالات میں ملک چلانےکیلئے اہم فیصلے کرنا پڑتے ہیں، ہماری حکومت کاایجنڈا ہے ملک کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے سب مل کر کام کریں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم آپ کو کارکردگی دکھانے کیلئے بھرپور مواقع دیں گے، بیوروکریسی کےکام میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی جائے گی، امید ہے بیورکریسی عزم اور تندہی سے کام کرے گی۔ وزیراعظم نے صوبائی سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ شفافیت، نتائج اور میرٹ کو اپنی ترجیحات بنالیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close