پنجاب

محرم الحرام پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، تین دہشت گرد گرفتار، سی ٹی ڈی پنجاب کی بڑی کامیابی

لاہور: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے ملتان میں بستی شور کوٹ کے قریب سی ٹی ڈی کے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں3 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرنے پر کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام سے قبل صوبے کے تمام اضلاع میں سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کے سلسلے کو مزید تیز کیا جائے اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے کالعدم تنظیموں کی کڑی نگرانی کرتے ہوئے سماج دشمن عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ دہشت گردوں کے مذموم مقاصدکو خاک میں ملایا جا سکے۔

انہوں نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی محمد طاہر رائے کو ہدایت دیتے ہوئے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے دہشت گردوں اور شدت پسندوں کے خلاف تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے اورتمام ٹیمیں ہائی الرٹ رہتے ہوئے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سر انجام دیں تاکہ نقص امن کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جا سکے ۔ سی ٹی ڈی ملتان نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے بستی شور کوٹ ملتان سے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے تین خطرناک دہشت گردوں کو اسلحہ اوربارودی مواد سمیت گرفتار کر کے یوم دفاع کے موقع پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ گرفتار دہشت گردوں میں محمد اقبال ،عثمان ضیا ء اور حسنین معاویہ شامل ہیں جن کے قبضے سے 4ہینڈ گرنیڈ، 30بور کا پسٹل ،جہادی لٹریچر اور فنڈز بھی برآمد ہوئے ہیں ۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ان گرفتار دہشت گردوں سے کی گئی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ دہشتگرد 6ستمبر یوم دفاع کے موقع پر حساس تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے تاہم اہم ذرائع سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر ہونے والے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران انکے منصوبے کو ناکام بنادیا گیا ، واقعہ کا مقدمہ پولیس اسٹیشن سی ٹی ڈی ملتان میں درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close