پنجاب

اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری سے دنیا میں منفی تاثر جائے گا، بلاول بھٹو

سرگودھا: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری سے دنیا میں منفی تاثر جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ شہباز شریف کے خلاف مقدمے کی نوعیت اور میرٹ سے ناواقف ہیں۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آشیانہ کمپنی کیس میں باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا ہے، وہ بیان ریکارڈ کرانے نیب لاہور کے دفتر پہنچے تھے، جہاں انہیں پہلے حراست میں لیا گیا۔

سرگودھا میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے قتل کی بین الاقوامی اداروں نے تحقیقات کیں تاہم ہمیں مقدمے میں فریق بننے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو شہید کے مقدمے کا فیصلہ جلدی آنا چاہیے تھا مگر 10 برس گزر چکے ہیں اور مقدمے کے چیف پراسیکیوٹر کو بھی قتل کردیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے روایتی انداز میں تحریک انصاف پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 100 دن کے اندر انقلاب لانے کے دعوے کیے گئے لیکن اب تک نئے بجٹ میں روزگار ہے نہ گھر ہیں۔

انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت پر الزام لگایا کہ پی ٹی آئی اصل مسائل کی جانب سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے مختلف ڈرامے کررہی ہے تاہم پیپلز پارٹی ہر فورم پر عوامی مسائل اجاگر کرے گی۔

علاوہ ازیں انہوں نے دعویٰ کیا کہ سرگودھا کے عوام بجٹ سے بہت مایوس ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے نام پر ووٹ مانگنے والی پارٹی نے ایک کروڑ ملازمتیں اور 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ضمنی بجٹ میں ’تبدیلی کا ذکر‘ ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے ثمرات تو دور کی بات گیس اور بجلی مہنگی کردی گئی اور پنجاب اور وفاق میں نئی حکومتیں مسلط کردی گئیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے مختلف پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کا عندیہ بھی دیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close