Featuredپنجاب

امریکا سے تعلقات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں، وزیر خارجہ

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکا سے تعلقات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔ دورہ امریکا سے واپسی پر ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں میری تقریر ایک جماعت یا حکومت کی نہیں بلکہ پاکستانیوں کی آواز تھی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا دو سال سے مسلسل نکتہ چینی کر رہا تھا اور تنبیہ کر رہا تھا لیکن امریکا میں اپنا مؤقف موثر انداز میں پیش کیا اور امریکا سے تعلقات بتدریج بہتر ہورہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات سات دہائیوں پر مشتمل ہیں اور دورہ امریکا مالی امداد کے لیے نہیں تھا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مؤقف اقوام متحدہ میں پہلے بھی جاچکا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو اس وقت یکجہتی کی ضرورت ہے، ہم جتنے متحد ہوں گے اتنی اپنے لئے آسانی پیدا کریں گے لیکن ہم جتنے تقسیم ہوں گے اتنی آواز کمزور ہوگی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی میں ملکی مفاد سب سے اہم ہے، ہمیں بہت سی چیزیں اپنی بقاء کے لیے کرنی ہوں گی اور اپنے وسائل کو بروئے کار لاکر اقدامات کرنے ہوں گے۔

شہباز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نیب خودمختارادارہ ہے، نیب نے تحقیقات کے بعد شہباز شریف کی گرفتاری کا فیصلہ کیا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کے خلاف کیس ہم نے نہیں بنایا، شہباز شریف کی گرفتاری عدالتی عمل ہے لہذا اس کا احترام کرنا چاہیے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close