پنجاب

فضل الرحمان منانے میں ناکام، نواز شریف کا اے پی سی میں شرکت سے انکار

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت پر آمادہ کرنے کے لیے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا پہنچے جہاں ان کی سابق وزیراعظم سے تقریباً 2 گھنٹے تک ملاقات ہوئی اور مولانا فضل الرحمان نے انہیں 31 اکتوبر کو ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز، سینئر رہنما پرویز رشید اور رانا تنویر حسین بھی شریک تھے۔ ذرائع کا کہناہےکہ نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان کےدرمیان ملاقات کا ایجنڈا اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس تھی، مولانا فضل الرحمان سابق وزیراعظم کو اے پی سی میں ذاتی طور پر شرکت کرنے پر آمادہ کرنے میں ناکام  ہوگئے اور ملاقات کے میڈیا سے گفتگو کیے بغیر روانہ ہوگئے۔

ذرائع نے بتایاکہ مولانا فضل الرحمان میاں نوازشریف سے اے پی سی میں شرکت پر اصرار کرتے رہے تاکہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جاسکے تاہم سابق وزیراعظم نے کل جماعتی کانفرنس میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے پارٹی وفد بھیجنے کے فیصلے سے مولانا کو آگاہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس میں وفد کے لیے جلد ہی پارٹی رہنماؤں کے نام فائنل کریں گے۔

فضل الرحمان، نوازشریف ملاقات کی اندرونی کہانی

ذرائع کا کہنا ہےکہ میاں نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے کہا کہ میں نے سیاسی سرگرمیاں شروع نہیں کیں، اس لیے فوری طور پر آصف زرداری سے نہیں مل سکتا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس وقت پارٹی کے صدر شہبازشریف ہیں اور وہ نیب کی حراست میں ہیں، اس لیے ان سے مشاورت نہیں ہوسکی، شہباز شریف پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں ان سے اے پی سی کے حوالے سے مشاورت ہوگی اور اس کے بعد کیے جانے والے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے مؤقف اپنایا کہ (ن) لیگ فوری طور پر ایسی کسی تحریک کا حصہ نہیں بننا چاہتی جو حکومت کے خلاف ہو، یہ حکومت عوام کے سامنے کھل رہی ہے اور اپنے لیے گڑھا خود کھود رہی ہے لہٰذا ہم پورا موقع دیں گے کہ یہ عوام کے سامنے اپنی نااہلیت ثابت کریں۔

ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت سازی میں پیپلزپارٹی کے کردار پر تحفظات کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہےکہ سابق صدر آصف زرداری نے اے پی سی میں شرکت پر آمادگی ظاہر کردی ہے جب کہ وہ نوازشریف سے بھی ملاقات پر رضامندی کا اشارہ دے چکے ہیں تاہم میاں نوازشریف نے سابق صدر سے ملاقات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close