Featuredپنجاب

ہماری خواہش ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ گھر پہنچ جائے، ملک چلانے کیلئے قرضہ لینا پڑے گا، شاہ محمود قریشی

ملتان: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نیب آزاد ادارہ ہے، کسی بھی طرح ا ثر انداز نہیں ہوسکتے، نیب کے مقدمات میں انکوائریوں سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں، نیب کے مقدمات تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے کے ہیں، بدعنوان عناصر احتساب کے خوف سے نیب کے خلاف غلط پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔ بھارت مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ایل او سی پر بھارتی فائرنگ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا روس بھی خطے کا اہم ملک ہے کوشش کررہے ہیں کہ خطے میں امن کے لئے تمام قوتوں کا تعاون حاصل کیا جائے۔ انہوں نے کہا پی پی ن لیگ سے گزارش کرتا ہوں مفادات کی سیاست سے بالاتر ہو کر خطے کے مفاد کیلئے سوچیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی پیٹرولیم ایکسپورٹ متاثر ہوگی تو قیمتیں بھی متاثر ہونگی، پٹرول کی قیمت تب نیچے آئے گی جب خطے کے حالات ٹھیک ہوں گے۔ یمن کے سوال کے حوالے سے ایک جواب میں کہا پاکستان چاہتا ہے کہ یمن میں امن ہو اور غلط فہمیاں دور ہوں۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت کو تاریخی کرنٹ اکاونٹ خسارہ ملا، ہماری برآمدات بہتر ہونگی تو ڈالر کے ریزرو میں اضافہ ہوگا، ہمارے جیسے جیسے ریزرو بڑھیں گے ڈالر میں کمی آئیگی۔

انہوں نے کہا چودھری سرور والا واقعہ میرے علم میں نہیں ہے جس بات کا مجھے معلوم نہیں میں اس پر کیسے بات کروں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی صورتحال کو لوگ اچھی طرح سے جانتے ہیں، ہم بھارتی مظالم کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے، انہوں نے کہا امریکہ کے کہنے پر ہم نے امن کیلئے کوشش بھی کی، ہماری خواہش ہے کہ ہماری قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ گھر پہنچ جائے، اگر عافیہ صدیقی کی بقیہ سزا یہاں پوری ہو تو ان کی فیملی کو سہولت مل جائیگی۔ عافیہ صدیقی کیلئے جو قانونی طور پر ہو سکا وہ کریں گے، ہماری امریکی حکام سے بات چیت چل رہی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو ہمارے حوالے کر دیا جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close