پنجاب

نیاپاکستان ہاﺅسنگ سکیم میں صحافیوں کو شامل کرنے کیلئے بات کرونگا ، پرویزالٰہی

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر پنجاب اسمبلی میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے وفود سے گفتگو میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں ترقی اور خوشحالی لانے کی پالیسی وضع کر دی ہے، انشاءاللہ وعدے پورے ہوں گے، وزیراعلیٰ پنجاب کی محنت اور کوشش ضرور رنگ لائے گی، ہم عمران خان اور ان کی جماعت کے ساتھ ہیں، پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت ہے اور پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ ان کا حق تھا۔
پرویزالٰہی نے کہا کہ شہبازشریف نے فلاح و بہبود کے ہمارے منصوبے ختم کر دئیے، مریضوں سے دشمنی کرتے ہوئے ہسپتال بھی نہیں بننے دئیے، ہم نے پنجاب کے خزانے میں 100 ارب روپے چھوڑے تھے شہبازشریف نے صوبے کو دیوالیہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ترقیاتی کاموں کیلئے خود ہر ماہ افسروں سے پراگریس رپورٹ لیتا تھا، آئی ٹی محکمہ، آئی ٹی ٹاور بنایا، سیٹلائٹ لنک، کال سینٹر بنائے، بیوروکریسی کی تربیت کے لیے دنیا کی بہترین بیورو کریسی اور سنگاپور ماڈل کوسٹڈی کیا، نابینا افراد کا محکمہ بنایا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے 160 سے زائد ادارے قائم کیے اور ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ مقرر کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، ملتان، راولپنڈی اور لاہور میں صحافی کالونیاں بنائیں۔صدرپی ایف یو جے رانا محمد عظیم، سیکرٹری جنرل جی ایم جمالی، صدر پنجاب یونین آف جرنلسٹس شہزاد حسین بٹ، جنرل سیکرٹری اشرف مجید، صدر کراچی یونین آف جرنلسٹس حسن عباس، جنرل سیکرٹری عاجز جمالی، چیئرمین ایپنک اکرام بخاری، وائس چیئرمین نعیم مصطفیٰ اور لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری نے صحافیوں کے حوالے سے چودھری پرویز الٰہی کے اقدامات کو سراہا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close