Featuredپنجاب

یقین ہے ملکی دولت لوٹنے والوں کو سزا ضرور ملے گی: نعیم الحق

لاہور: وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے حقائق سب کے سامنے آ گئے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ملکی دولت لوٹنے والوں کو سزا ضرور ملے گی۔

لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ پچھلے حکمرانوں نے غریب عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، زرداری اور نواز شریف صاحب کے مقدمات زیر سماعت ہیں، اس پر زیادہ بات نہیں کروں گا تاہم کرپٹ حکمرانوں کو عبرتناک سزا دینے تک اس نظام سے چھٹکارہ حاصل نہیں کیا جا سکتا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت ارب پتی ہے، آصف زرداری اور نواز شریف نے بے دردی سے ملک کو لوٹا، ان کی ملک میں موجود جائیدادیں ضبط ہونی چاہئیں۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے ذہن میں ہے کہ ہر حال میں وہ یا ان کی اولاد کو اقدار میں رہنا چاہیے، ان کے ذہنوں میں اقتدار سے چمٹے رہنا ہی سیاست ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ تعاون کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں، میاں شہباز شریف کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنانا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، اپوزیشن کے ساتھ مل کر قومی اسمبلی کی 38 قائمہ کمیٹیاں قائم کردیں، 20 کمیٹیوں کی سربراہی پی ٹی آئی اور 18 کی سربراہی اپوزیشن کے پاس ہوگی۔

قبل از وقت انتخابات کے تاثر کو رد کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ مڈ ٹرم الیکشن کرانے کا فی الحال کوئی پروگرام نہیں، عوام سے رابطے کو بہتر بنانے کے لیے جلسے کرنے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے، عوامی رابطہ مہم کیلئے سب سے پہلا جلسہ 27 جنوری کو میانوالی میں ہوگا۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اس وقت پنجاب کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے، نیا بلدیاتی نظام آگے بڑھنے کے لیے انقلابی قدم ثابت ہوگا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے دعویٰ کیا کہ قرضوں کی ادائیگی کے مسئلے پر قابو پالیا ہے، دوست ملکوں سے ملنے والے ڈالرز سے غیر ملکی واجبات ادائیگی میں مدد ملے گی جب کہ آئی ایم ایف سے سمجھوتہ پاکستان کی شرائط پر ہوگا۔

نعیم الحق کا کہنا تھا ‘بدقسمتی سے ہر ادارہ زوال کا شکار ہو چکا ہے، اسے درست کرنا ہوگا، یوٹیلیٹی اسٹورز، پوسٹ آفس، پی آئی اے اور اسٹیل ملز میں بے دردی کے ساتھ لوٹ مار کی گئی، ماضی کے حکمرانوں نے اپنی دولت میں اضافہ کیا اور غریب کے لیے کچھ نہیں کیا’۔

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام کے لیے دن رات کام کیا جارہا ہے، مستحق افراد کے لیے 5 سے 10 ہزار روپے ماہانہ اقساط پر گھر بنائے جائیں گے اور اس سلسلے میں اسکیم کے تحت 7 شہروں سے 5 لاکھ درخواستیں آچکی ہیں، ملک میں 10 ہزار ڈویلپر مکانات کی تعمیر میں حصہ لیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close