Featuredپنجاب

ہاتھ گلے میں آئے ہیں تو زرداری اور نواز شریف اکٹھے ہوگئے ہیں، فواد چودھری

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے لاہور میں تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اعجاز چودھری سے ان کی والد کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اورمرحوم کی بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک میں نیا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں، نوازشریف کا فیصلہ آنے ہی والا ہے، سارے کرپٹ عناصر کہتے ہیں ہم معصوم ہیں، کرپشن نہیں کی، یہ سارے معصوم ہیں تو بتائیں کرپشن جنوں اور بھوتوں نے کی ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہاتھ گلے میں آئے ہیں تو زرداری اور نواز شریف اکٹھے ہو گئے ہیں اور کہتے ہیں ہم متحد ہو کرموومنٹ چلائیں گے، بڑے شوق سے تحریک چلائیں، بلکہ اس اتحاد کا نام بھی میں ہی انہیں تجویز کر دیتا ہوں، یہ اپنےاتحاد کا نام "ٹھکزآف پاکستان” رکھ لیں، کرپٹ عناصر کی سیاست کا اب "ڈی اینڈ” آ چکا ہے، اب یہ فلم مزید نہیں چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف دور میں قرضوں میں 84 فیصد اضافہ ہوا، خواجہ آصف وزیر خارجہ تھے تو لاکھوں روپے اُن کے اکاؤنٹ میں آ جاتے تھے، اب کسی کو نہیں پتہ یہ لاکھوں روپے کہاں سے آتے تھے، کون جمع کرواتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حیرت اس بات پر ہے کہ جس عمر میں ہمارے بچوں کے شناختی کارڈ نہیں بنتے "شرفا” کے بچے اربوں روپے کے مالک بن گئے، لوگ ہمیں کہتے ہیں ہم حکومت میں ہیں تو کرپٹ عناصر کیخلاف ایکشن کیوں نہیں لیتے، ہاں ہم حکومت میں ہیں، بادشاہت میں نہیں، حکومت کے قواعد و ضوابط ہوتے ہیں، ہم ان قواعد کے پابند ہیں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ ہم یہ نظام تبدیل کر رہے ہیں جس کے بعد کرپٹ عناصر کسی آڑ میں چھپ نہیں سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو گرفتار ہوئے ہیں وہ رو رہے ہیں، کرپٹ عناصر پروڈکشن آرڈر کی آڑ میں چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کو وزیراعظم بننے کا کوئی شوق نہیں، اللہ کی مہربانی ہے عمران خان پاکستان کے وزیراعظم بن گئے، عمران خان پاکستان کےعوام کی اُمید ہیں، کرپٹ نظام ٹوٹ رہا ہے، ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close