پنجاب

سانحہ ساہیوال نے سکیورٹی فورسز کی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا ہے، لیاقت بلوچ

لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ کی طرز کی ریاست کا اعلان کرکے عمران خان حکومت نے لندن، واشنگٹن اور دہلی کی طرز کا ماڈل اختیار کر لیا ہے، ریاست مدینہ کے نظام کا تقاضا ہے کہ تہذیب و اخلاق، صلوۃ و زکوۃ، سود کا خاتمہ، اپنے لوگوں پر اعتماد اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کی جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ آسیہ ملعونہ کیس کی ریویو پٹیشن کی سماعت کے موقع پر جماعت اسلامی کی نمائندگی سپریم کورٹ کے سینئر وکیل راجہ اشتیاق احمد کریں گے، یہ ایسا کیس ہے جس نے معاشرے میں ارتعاش اور شدت جذبات کو بھڑکایا ہے، اعلیٰ عدلیہ کیلئے یہ بہت ہی اہم مرحلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ممتاز قادری شہید اور آسیہ ملعونہ کیس میں اپنائے گئے متضاد راستہ کو ترک کیا جائے، عاشقان مصطفی ہر قیمت پر ناموس رسالت (ص) کی حفاظت کریں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ سانحہ ساہیوال نے پوری قوم کو پریشان اور اضطراب کا شکار اور سکیورٹی فورسز کی ساکھ کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، ماضی کے تمام سانحات کے زخم ہرے ہو گئے ہیں، قومی ایکشن پلان پر از سر نو غور کیا جائے، قومی قیادت اور ریاستی ادارے مشترکہ طور پر عوام کا اعتماد بحال کریں، نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا دروازہ بند کیا جائے، سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو متاثر کرنیوالے اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، ایسے اقدام خود دہشتگردی بڑھانے کا باعث ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close