پنجاب

شیخوپورہ ٹینکر اور کار میں تصادم دس ہلاک

 پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں ایک ٹریفک حادثے اور اس کے نتیجے میں لگنے والی آگ کی زد میں آ کر دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

امدادی ادارے ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق یہ حادثہ بدھ کی صبح ننکانہ صاحب کے قریب ماناوالا روڈ پر پیش آیا۔

ریسکیو 1122 شیخوپورہ کے انچارج ڈاکٹر اعظم نے بتایا ہے کہ ایل پی جی سے بھرا ایک ٹینکر سڑک پر مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکرایا تو تصادم کی وجہ سے ٹینکر میں دھماکے سے آگ لگ گئی۔

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اس آگ نے قریبی دکانوں اور گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ بجھانے کے لیے قریبی علاقوں سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی طلب کی گئی ہیں۔

ڈاکٹر اعظم نے اس واقعے میں دس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

حادثے اور دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے چار کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو ننکانہ صاحب کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

 پنجاب کے وزیراِعلیٰ نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان میں تیز رفتاری کے باعث اکثر اوقات ٹریفک حادثات پیش آتے رہتے ہیں جس میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان بھی ہوتا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close