Featuredپنجاب

عمران خان کمزور ترین وزیراعظم ہیں، جو خود حکومت نہیں چلانا چاہتے، جاوید ہاشمی

ملتان: سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک میں مارشل لاء کا کوئی چانس نہیں ہے، عمران خان کمزور ترین وزیراعظم ہیں، جو خود حکومت نہیں چلانا چاہتے، یہی وجہ ہے کہ مرکز اور صوبے میں تبدیلی دیکھ رہا ہوں، لیکن اپوزیشن کو چاہیئے کہ وہ حکومت کو زبردستی چلائے اور وزیراعظم کو بھاگنے نہ دے، اگر سویلین حکومت میں ٹوٹ پھوٹ شروع ہو جائے تو یہ جمہوریت کے لئے بہتر نہیں ہوگا، جس نے پوری بزنس کمپنی اجاڑ دی، اسے وزیر خزانہ بنا کر عوام کا تیل نکالا جا رہا ہے اور ملکی معیشت کا ستیاناس کیا جا رہا ہے، ناتجربہ کاری کے باوجود وزیراعظم کو پانچ سال کی مدت پوری کرنی چاہیئے، وفاقی کابینہ میں جتنی گروپنگ آج ہے، اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، اس گروپنگ کو عمران خان انجوائے کر رہے ہیں، قریشی اور گیلانی آپس میں لڑتے بھی ہیں، مگر کسی تیسرے کو آگے آنے نہیں دیتے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے ملک غریب کے پاکستان اور امیر کے پاکستان میں تبدیل ہوچکا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان سپریم کورٹ کے فیصلوں کو بھی تسلیم نہیں کرتے، اگر فیصلہ ان کے حق میں ہو تو انہیں پسند ہوتا ہے ورنہ نہیں ہوتا، آٹھ سے نو ماہ حکومت کی ابتدا کے لئے بہت زیادہ دن ہوتے ہیں، اتنے عرصے میں بھی وہ اپنی غلطیاں درست نہیں کرسکے، مہنگائی کا جو سیلاب آیا ہے، وہ ناقابل برداشت ہے، عوام دھاڑیں مار مار کر رو رہے ہیں، اب تو حالت یہ ہے کہ عمران خان کے حق میں بولنے والے اینکر بھی ان کے خلاف باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں چوہے بلی کا کھیل شروع ہوچکا ہے، میں عمران خان کو کہتا ہوں کہ وہ سنبھل جائیں، اگر اکانومی بیٹھ گئی تو خزانہ خالی ہوگا اور لوگوں کو تنخواہیں نہیں ملیں گی، عمران خان اب تک صرف کرکٹ کا کھلاڑی ہے سیاست کا نہیں، لوگوں کا پیٹ کرکٹ کی سیاست سے نہیں بھرسکتا، آج وہ نوجوان جو عمران کے جلسے میں ڈانس کیا کرتے تھے، نوکریوں کے لئے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، ہمارے پاسپورٹ کی قدر ختم ہوتی جا رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے کنٹینر پر بیرون ملک پاکستانیوں کو ہنڈی کے ذریعے غیر قانونی طور پر پیسے بھیجنے کا مشورہ دیا تھا، جس کا نتیجہ معیشت کی تباہی کی صورت میں آج سب کے سامنے ہے، اسد عمر جس نے رزاق داؤد کی فرم کا بیڑہ غرق کیا تھا، اب معیشت کا بیڑہ غرق کرنے پر تلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قریشی اور گیلانی آپس میں لڑتے بھی ہیں، مگر کسی تیسرے کو آگے نہیں آنے دیتے، جہانگیر ترین نے پارٹی کے لیے بہت کام کیا ہے، ملک میں اس وقت مہنگائی کا طوفان آچکا ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی کوئی قدر نہیں رہے گی۔ مہنگائی کے ذمہ دار لوگ کہتے ہیں کہ ابھی تو آدھی مہنگائی ہوئی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close